بھوپال ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ ہفتہ مدھیہ پردیش میں سیمی کے پانچ ارکان کی گرفتاری کے بعد اب اجین میں بھی اے ٹی ایس اور کاؤنٹر ٹیررسٹ گروپ نے اس ممنوعہ تنظیم کے مزید چار مشتبہ ارکان کو گرفتار کیا ہے ۔ گزشتہ شب کی گئی کارروائی میں سیمی ارکان کے قبضہ سے دھماکو اشیاء کی بڑی مقدار بھی ضبط کی گئی۔ گرفتار شدگان کے نام جاوید ناگوری ، عبدالعزیز ، محمد عادل اور عبدالوحی بتائے گئے ہیں۔ ریاستی اے ٹی ایس سربراہ اور انسپکٹر جنرل آف پولیس سنجیو شامی نے اخباری نمائندوں کو یہ بات بتائی ۔ دھماکو اشیاء 12 بموں ، ایک پائپ بم ، 900 جیلٹین اسٹکس اور زائد از 600 ڈیٹونیٹرس پر مشتمل تھیں۔ فی الحال چاروں گرفتار شدہ ارکان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
امپھال میں دو طاقتور بم دھماکے
امپھال ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شنگجمائی علاقہ میں دو طاقتور بم پھٹنے کا واقعہ رونما ہوا ۔ پولیس نے بتایا کہ دھماکے ریموٹ کنٹرول کے ذریعہ کئے گئے جس کیلئے IED کا استعمال کیا گیا تھا۔ صبح کی اولین ساعتوں میں جب نیا سال منانے والے ہنوز جوش و خروش میں متلا تھے ۔ دھماکوں کی اطلاع جیسے عام ہوئی پولیس اور سی آر پی ایف کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچ گئی اور پورے علاقہ کی ناکہ بندی کردی گئی اور خاطیوں کی تلاش کا آغاز بھی کیا گیا ہے ۔ دریں اثناء یہاں کی مختلف سماجی تنظیموں نے عسکریت پسندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں دھماکے نہ کریں۔