ووٹ ڈالنے کیلئے آبائی مقامات کو روانگی، سکندرآباد اسٹیشن پر ہجوم
حیدرآباد 6 مئی (این ایس ایس) سیما آندھرا میں کل ہونے والی رائے دہی میں حصہ لینے کیلئے حیدرآباد میں مقیم سیما آندھرا کے ہزاروں شہری اپنے آبائی مقامات کو روانہ ہوئے۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر آج سیما آندھرا علاقہ کے ہزاروں شہریوں کا ہجوم دیکھا گیا۔ بڑھتے ہجوم کے باعث ٹرین سرویس ناکافی ثابت ہوئی۔ بے چین اور مضطرب مسافروں نے ناقص ٹرین انتظامات پر احتجاج کیا۔ جنم بھومی اکسپریس میں یہ مسافر ہجوم کے باعث سوار نہیں ہوسکے۔ سفر سے محروم کئی شہریوں نے اسٹیشن ماسٹر کے آفس کے سامنے دھرنا بھی دیا تاہم برہم مسافروں کا غصہ اُس وقت ٹھنڈا ہوا جب ساؤتھ سنٹرل ریلوے حکام نے اِن کے لئے دوسری ٹرین کا انتظام کیا۔ مسافرین نے ساؤتھ سنٹرل ریلوے حکام پر زور دیا کہ چہارشنبہ کے دن پولنگ کے پیش نظر سکندرآباد اور یسما آندھرا علاقوں کے درمیان خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں۔سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر آج سیما آندھرا کے شہریوں کے ہجوم کے باعث دیگر مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔