تلنگانہ کو بھی اِسی طرح کا خصوصی موقف دینے تجارتی اداروں کا مطالبہ
حیدرآباد 28 فروری (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے صنعتکاروں اور تجارتی اداروں نے سیما آندھرا کو خصوصی موقف دیئے جانے مرکز کے فیصلہ کی مخالفت کی۔ جبکہ اِسی طرح کا موقف تلنگانہ کو بھی دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ اِن صنعتکاروں اور تاجر برادری نے کہاکہ اِس خصوصی پیاکیج میں کئی ایک مراعات اور صنعتوں کیلئے ٹیکس رعایتیں بھی دی جارہی ہیں جس سے تلنگانہ علاقہ میں منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ کیونکہ یہاں پر صنعتیں اِس قابل نہیں رہیں گی کہ وہ آندھراپردیش کو حاصل ہونے والے سب سے بڑے ٹیکس چھوٹ کا مقابلہ کرسکیں۔ سیما آندھرا کے ساتھ ہم کو تمام ٹیکس رعایتوں میں کمپنی کے فروخت مالیہ کا تقریباً 15 فیصد حاصل ہے۔
اگر اِن صنعتوں کو اِس طرح کی رعایتیں ملیں تو تلنگانہ میں کوئی بھی صنعتکار اپنے یونٹس قائم کرنے نہیں آئے گا۔ اگر پڑوسی ریاستوں میں پُرکشش اقدامات کئے جارہے ہیں تو تلنگانہ میں پہلے سے موجود صنعتیں دم توڑ دیں گی اور وہ سیما آندھرا میں ملنے والی راحت سے استفادہ کرنے کیلئے صنعتکار اُدھر منتقل ہوجائیں گے۔ مائی ہوم گروپ کے چیرمین رامیشور راؤ نے کہاکہ تلنگانہ کے ساتھ سارا جنوبی ہند منفی اثرات کا شکار ہوگا۔ تلنگانہ میں صنعتی ترقی میں منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے رامیشور راؤ اور دیگر مقررین نے اِس مسئلہ کو اُٹھایا اور مرکز کی توجہ اِس جانب مبذول کروائی۔ تلنگانہ انڈسٹریلسٹ فیڈریشن کے صدر کے سدھیر ریڈی نے کہاکہ اِن کا گروپ سیما آندھرا کو خصوصی موقف دینے کی مخالفت کرتا ہے کیونکہ دونوں علاقوں کے لئے یکساں مواقع حاصل نہیں ہوں گے۔ ہم سیما آندھرا والوں کے لئے کسی مالیاتی پیاکیج کے خلاف نہیں ہیں لیکن اِس میں یکساں انصاف ہونا چاہئے۔