حیدرآباد27 فبروری ، ( پی ٹی آئی ) ریاستی وزراء جی سرینواس راو ، ٹی جی وینکٹیش اور ایروسو پرتاب ریڈی جو تلگودیشم پارٹی میں شامل ہونے والے ہیں آج کہا کہ صرف صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو ہی سیما آندھرا علاقہ کو جامع طریقے سے ترقی دے سکتے ہیں۔اب آندھرا پردیش تقسیم ہوچکا ہے ہم کو اپنے علاقہ کیلئے ایک مضبوط اور تجربہ کار لیڈر کی ضرورت ہے جو ترقی دے سکے ۔ صرف چندرا بابو نائیڈو ہی تجربہ کار لیڈر ہے اور ان کے پاس سیما آندھرا کو ترقی دینے کا ویژن بھی ہے لہذا ہم نے تلگودیشم میںشامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان وزراء نے جو فی الحال حکمران کانگریس سے وابستہ ہیں چندرا بابو سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں کو یہ بات بتائی۔ آج رات وہ اپنے سیاسی منصوبوں کو قطعیت دیں گے۔ان وزراء کا کہنا ہے صرف چندرا بابو نائیڈو سیما آندھرا کو سنہرا آندھرا میں تقسیم کرسکتے ہیں۔
ایک ایسے وقت جب ملک بھر میں بی جے پی کی لہر چل رہی ہے قومی پارٹی کے ساتھ خوشگوار تعلقات رکھنے والے لیڈر کی حیثیت سے چندرا بابو نائیڈو ابھر رہے ہیں۔ قومی قائدین کے ساتھ چندرا بابو نائیڈو کے تعلقات خوشگوار نوعیت کے ہیں۔ سیما آندھرا کی ترقی کیلئے وہ قومی قائدین سے اپنے تعلقات کا اچھا فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔ ہمیں ایسے لیڈر کی ضرورت نہیں ہے جس کو صرف اپنی فکررہتی ہے۔ انہوں نے بالواسطہ طور پر وائی ایس آر کانگریس کے صدر جگن موہن ریڈی کی طرف اشارہ کیا۔ان وزراء نے سیما آندھرا کا دارالحکومت کرنول کو بنانے کی تجویز پیش کی۔