پارٹی کا ادعا ۔ ارکان اسمبلی ‘ وزرا اور دیگر قائدین کے انحراف سے پارٹی غیر متاثر : رام نارائن ریڈی
حیدرآباد ۔ یکم اپریل ( پی ٹی آئی ) کانگریس پارٹی نے تقسیم ریاست پر جاری انحراف کے سلسلہ کو زیادہ اہمیت دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو سیما آندھرا سے 1000 سے زائد قائدین نے اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کیلئے ٹکٹس کیلئے درخواست دائر کی ہے ۔ سابق وزیر و سینئر لیڈر اے رام نارائن ریڈی نے میڈیا سے کہا کہ ٹکٹس کیلئے 1200 درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ موجودہ ارکان اسمبلی ‘ وزرا اور چیف منسٹرس پارٹی سے علیحدگی اختیار کرچکے ہیں لیکن ٹکٹس کے دعویداروں میں کمی نہیں ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹس کا الاٹمنٹ جمہوری انداز میں عمل میں آئیگا ۔ آندھرا کانگریس کے صدررگھو ویرا ریڈی نے کہا کہ تمام درخواستیں ہائی کمان سے رجوع کی جائیں گی ۔ ذرائع نے کہا کہ امیدواروں کی پہلی فہرست جلد جاری کی جائیگی ۔ سیما آندھرا میں لوک سبھا اور اسمبلی نشستوں کیلئے 7 مئی کو رائے دہی ہونے والی ہے جبکہ تلنگانہ میں 30 اپریل کو پولنگ ہوگی ۔ سیما آندھرا میں اسمبلی کی 175 اور لوک سبھا کی 25 نشستیں ہیں ۔ مرکز کی جانب سے آندھرا پردیش کی تقسیم کے فیصلے پر پارٹی کو شدید ناراضگیوں کا سامنا ہے ۔ اس دوران مرکزی وزیر مسٹر جے ڈی سیلم نے کہا کہ کانگریس سیما آندھرا میں اقلیتوں ‘ دلتوں اور دوسرے طبقات میں خاص طور پر مہم چلائیگی اور یہ پیام عام کرنے کی کوشش کی جائیگی کہ صرف کانگریس انکے مستقبل کا تحفظ کرسکتی ہے۔