نیم فوجی اور مسلح پولیس دستے تعینات‘7مئی کو بااجرت تعطیل
حیدرآباد۔5مئی ( سیاست نیوز)ریاست میں دوسرے مرحلہ کے تحت سیما آندھرا علاقوں میں منعقد ہونے والے انتخابات کیلئے بڑے پیمانے پر صیانتی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ ان انتظامات کے ایک حصہ کے طور پر 272 مرکزی نیم فوجی دستوں کی کمپنیوں کو طلب کر کے تعینات کیا جارہا ہے ۔ علاوہ ازیں 1.20 لاکھ ریاستی پولیس بشمول اسپیشل پولیس فورسیں کو بھی انتخابی ڈیوٹیز پر تعینات کیا جارہا ہے ۔ ریاستی چیف الکٹورل آفیسر مسٹر بھنور لعل نے یہ بات بتائی اور کہا کہ پڑوسی ریاستوں ٹاملناڈو ‘ کرناٹک ‘ مہاراشٹرا اور اڈیشہ سے بھی 20ہزار مسلح پولیس دستوں کو طلب کر کے مختلف مقامات پر بالخصوص حساس مقامات پر تعینات کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ رائے دہی کے دن 7مئی کو سیما آندھرا کے علاقہ میں تمام سرکاری و اداروں کے ملازمین کو بااجرت تعطیل دینے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ ریاستی چیف الکٹورل آفیسر نے کہا کہ ضلع نظام آباد کے یلاریڈی پولیس اسٹیشن سے وابستہ سب انسپکٹر پولیس کو انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی شکایت پر خدمات سے معطل کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریاست میںابتک 134 کروڑ روپئے غیر مجاز رقومات کو ضبط کیا گیا اور 5.42 لاکھ لیٹر شراب کی ضبطی بھی عمل میں لائی گئی ۔ علاوہ ازیں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے سلسلہ میں اب تک جملہ 17088 افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ غیر مجاز رقومات و شراب کی ضبطی میں ریاست کو ملک بھر میں پہلا مقام حاصل ہے ۔