سیما آندھرا میں تلگودیشم ۔ بی جے پی اتحاد برقرار ۔ بحران ختم

حیدرآباد 18 اپریل ( پی ٹی آئی ) تلگودیشم اور بی جے پی کے مابین انتخابی مفاہمت پر درمیان میں پیدا ہوا تعطل آج شام ختم ہوگیا جبکہ بی جے پی نے اچاپورم حلقہ اسمبلی کو تلگودیشم کیلئے چھوڑنے اور سیما آندھرا میں 13 حلقوں پر اکتفا کرنے سے اتفاق کرلیا ۔ بی جے پی کے ترجمان پرکاش جاوڈیکر اور اے پی یونٹ کے سربراہ کے ہری بابو ‘ تلگودیشم کے رکن پارلیمنٹ وائی ستیہ نارائنا چودھری اور سابق ایم پی کے رام موہن راؤ نے آج سینئر لیڈر وینکیا نائیڈو سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی اور تعطل ختم کرنے پر بات چیت کی ۔ ابتداء میں بی جے پی کو سیما آندھرا میں لوک سبھا کی چار اور اسمبلی کی 14 نشستیں دینے سے اتفاق کیا گیا تھا اب اس کی ایک نشست کم ہوگئی ہے ۔