سیما آندھرا قائدین کے موقف میں نرمی، کل سے تلنگانہ پر مباحث کا آغاز متوقع

حیدرآباد۔/4جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ مسودہ بل پر مباحث میں رکاوٹ پیدا کرنے والے سیما آندھرا ارکان کے موقف میں بتدریج نرمی دیکھی جارہی ہے اور وہ بل پر مباحث کے آغاز پر آمادہ ہیں۔ توقع ہے کہ پیر کے دن ریاستی اسمبلی اور قانون ساز کونسل میں بل پر مباحث کا آغاز ہوجائے گا۔ واضح رہے کہ 9ڈسمبر کو شروع ہوئے اسمبلی اجلاس کے بعد سے مسلسل 10دن تک ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کی گئی۔ ایوان میں تلنگانہ مسودہ بل کی پیشکشی کے ساتھ ہی وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے کانگریس اور تلگودیشم کے ارکان اسمبلی مباحث میں رکاوٹ پیدا کررہے تھے۔ بتایا جاتاہے کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے ارکان اسمبلی اب مسودہ بل پر مباحث کیلئے آمادہ ہیں۔ ان کا احساس ہے کہ بل پر بحث کے ذریعہ اپنی رائے صدر جمہوریہ تک پیش کی جاسکتی ہے جبکہ بحث میں حصہ نہ لینے کی صورت میں ریاست کی تقسیم کے عمل میں تو کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہوگی اور سیما آندھرا عوام کے مسائل ایوان میں پیش نہیں ہوسکیں گے۔ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نے بھی سیما آندھرا ارکان اور وزراء کے ساتھ اجلاس میں مباحث کے آغاز کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے سیما آندھرا وزراء سے کہا کہ وہ بحث میں حصہ لے کر اپنے موقف کی بھرپور ترجمانی کریں اور مسودہ بل پر ووٹنگ کیلئے اصرار کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مسودہ بل پر صدر جمہوریہ کی جانب سے رائے حاصل کرنے کا مطلب ووٹنگ ہے اور ملک میں قائم کی گئی نئی ریاستوں کے وقت وہاں کی اسمبلی میں قرارداد پر ووٹنگ کی گئی تھی۔ سیما آندھرا ارکان کی حکمت عملی ہے کہ وہ مباحث میں حصہ لیتے ہوئے

تلنگانہ مسودہ بل میں ترمیمات پیش کریں اور بل کے ہر حصہ پر ووٹنگ کیلئے اصرار کیا جائے تاکہ مرکزی حکومت کو اکثریتی ارکان کی مخالفت سے آگاہ کیا جاسکے۔ اسپیکر اسمبلی این منوہر نے بھی سیما آندھرا اور تلنگانہ ارکان سے خواہش کی کہ وہ مباحث کے آغاز میں تعاون کریں کیونکہ مباحث میں رکاوٹ پیدا کرنا دراصل صدر جمہوریہ کی ہدایت کو نظر انداز کرنا ہے۔سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی ایوان میں متحدہ آندھرا کے حق میں قرارداد کی منظوری کا مطالبہ کررہے تھے۔

بتایا جاتا ہے کہ اب کانگریس کے سیما آندھرا ارکان اس مطالبہ سے دستبردار ہوجائیں گے۔ قانون ساز کونسل کے صدرنشین اے چکرا پانی نے تمام فلور لیڈرس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں تمام جماعتوں نے پیر سے مباحث کے آغاز میں تعاون سے اتفاق کیا۔ تلگودیشم کے سیما آندھرا ارکان کا کہنا ہے
کہ انہوں نے مسودہ بل میں 20ایسے نکات کی نشاندہی کی ہے جو سیما آندھرا عوام کے خلاف ہیں وہ بل میں مناسب ترمیمات کیلئے اسے مرکز کو واپس بھیجنے کے حق میں ہیں۔ ٹی آر ایس کے فلور لیڈر ای راجندر نے اسپیکر این منوہر سے ملاقات کرتے ہوئے مباحث کو یقینی بنانے کیلئے سیما آندھرا ارکان کو ایوان سے معطل کرنے کا مطالبہ کیا۔ اسی دوران ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا نے اسپیکر این منوہر اور وزیر اُمور مقننہ شیلجا ناتھ سے ملاقات کی اور ایوان میں مباحث کے آغاز پر زور دیا۔اسمبلی کے التواء کے بعد وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور سیما آندھرا کے دیگر ارکان مباحث کے حق میں گفتگو کرتے دیکھے گئے۔ دیکھنا یہ ہے کہ پیر کے دن دونوں ایوانوں میں کیا واقعی مسودہ بل پر مباحث کا آغاز ہوگا یا پھر ہنگامہ آرائی جاری رہے گی۔