سیما۔ آندھرا کے عوام فکر مند نہ ہوں

سونیا گاندھی کے بشمول دیگر تمام سے کے سی آر کا اظہارِ تشکر

حیدرآباد 20 فروری (سیاست نیوز) تشکیل تلنگانہ کسی کی فتح یا شکست نہیں ہے بلکہ تلنگانہ عوام کی عزت نفس اور اُن کے وقار کا مسئلہ رہا ہے جس میں آج تلنگانہ عوام نے اپنی عزت نفس اور وقار کو حاصل کرلیا۔ صدر ٹی آر ایس مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے آج دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے راجیہ سبھا میں تشکیل تلنگانہ بِل کو منظوری حاصل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ آج کا دن تلنگانہ کیلئے تاریخی دن ہے ۔ اُنھوں نے کہاکہ تشکیل تلنگانہ کا سہرا سونیا گاندھی کے سر جاتا ہے۔ علاوہ ازیں جن لوگوں نے حصول تلنگانہ کیلئے جدوجہد کی اُن کی تحریک کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے تلنگانہ کو حقیقت میں تبدیل کرنے میں گراں قدر رول ادا کرنے والوں سے شخصی طور پر اظہار تشکر کیا۔ صدر ٹی آر ایس نے بتایا کہ اب وقت آگیا ہے کہ حیدرآباد کو بین الاقوامی سطح کے شہر کی طرح تیز رفتار ترقی کو یقینی بنایا جائے۔ راؤ نے حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے دیگر اضلاع میں رہنے والے سیما آندھرا کے عوام کو تفکرات میں مبتلا نہ ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ میں رہنے والے سیما آندھرا کے عوام بھی ہمارے بھائی ہیں اور وہ اطمینان کے ساتھ تلنگانہ میں رہ سکتے ہیں۔ چونکہ وہ بھی تلنگانہ کا ہی حصہ ہیں۔ اُنھیں ہم مساوی کے مواقع فراہم کرینگے۔ اُنھوں نے کہاکہ آئندہ دو یوم میں وہ مسز سونیا گاندھی سے شخصی طور پر ملاقات کرتے ہوئے تشکیل تلنگانہ پر اظہار تشکر کریں گے۔