تقسیم ریاست کی مخالفت، عوامی جذبات کے احترام کا عزم، ہرش کمار کا بیان
حیدرآباد۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) سیما۔ آندھرا کے 6 کانگریس ارکان پارلیمنٹ 3 اور 4 جنوری کو اندرا پارک پر دو روزہ ’’سنکلپ دِکشا‘‘ منعقد کریں گے۔ واضح رہے کہ 3 جنوری سے آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی میں تلنگانہ مسودہ بل پر بحث کا آغاز ہو رہا ہے، جب کہ پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن میں تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے خلاف بطور احتجاج یو پی اے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے والے 6 ارکان پارلیمنٹ ہرش کمار، لگڑا پاٹی راجگوپال، رائے پاٹی سامبا شیوا راؤ، اونڈاولی ارون کمار اور اننت وینکٹ رام ریڈی نے متحدہ آندھرا کی تائید میں احتجاجی دھرنا کا فیصلہ کیا ہے۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہرش کمار نے کہا کہ ہم ریاست کی تقسیم کے خلاف ہیں، ریاست کو متحد رکھنے کے لئے دستور نے ہمیں جو بھی اختیارات دیئے ہیں،
ان کا استعمال کرتے ہوئے ریاست کی تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ مرکز نے ریاست کی تقسیم کا جو طریقہ اپنایا ہے، وہ دستور کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ ریاست کو متحد رکھنے کے لئے ہم ہر قربانی دینے اور ہر امکانی کارروائی کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیں صرف ٹکٹ دیا ہے، جب کہ عوام نے ہمیں کامیاب بناکر ایوان تک پہنچایا ہے، لہذا عوامی جذبہ کا احترام ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے حکمراں جماعت کے نمائندہ ہوتے ہوئے مرکزی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی نوٹس پیش کی تھی، مگر افسوس اس بات کا ہے کہ مرکز نے اس پر کوئی مثبت ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ انھوں نے بتایا کہ ہم نے اندرا پارک پر احتجاجی دھرنا منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔