حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : مصیبت زدوں کی مدد تباہی و بربادی کا شکار لوگوں کو آسرے کی فراہمی ، ان کے لیے غذائی اشیاء ملبوسات اور دیگر بنیادی سامان کی سربراہی ایک بہت بڑی عبادت ہے ۔ ہمارے نبی کریم ﷺ نے امت کو مصیبت زدہ انسانوں کی مدد کا حکم دیا ہے ۔ چنانچہ ہمارے شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد کے عوام نے ہمیشہ اپنے نبی کریم ﷺ کے اس حکم پر عمل کرتے ہوئے ممبئی سے لے کر گجرات مظفر نگر سے لے کر آسام اور بنگال سے لے کر کشمیر تک جہاں کہیں مصیبت زدہ لوگوں نے آواز دی ان کی بھر پور مدد کی ۔ گذشتہ سال کے اواخر میں جموں و کشمیر میں بھیانک سیلاب نے زبردست تباہی مچائی بے شمار کشمیری جاں بحق ہوئے ۔ ہزاروں مکانات بہہ گئے ، خشک میوہ جات کی بڑی بڑی دکانات میں موجود قیمتی میوے سڑگل گئے ۔ سیلاب نے اسکولوں کا نام و نشاں مٹایا ۔ ہزاروں طلبہ کی آنکھوں سے صرف اس لیے آنسو رواں ہوگئے کیوں کہ اس بھیانک طوفان میں ان کی کتابیں بستے اور کاپیاں بھی بہہ گئیں ۔
لیکن حیدرآباد کے مسلمانوں نے روزنامہ سیاست کے ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کے توسط سے اپنے مصیبت زدہ کشمیری بھائیوں کی بھر پور مدد کی ۔ سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے حال ہی میں سرینگر اور ظل پورہ کے سلم علاقوں کے 1000 بچوں میں اسکولس بیاگس کی تقسیم عمل میں لائی ۔اس کے لیے 6 لاکھ روپئے مختص کیے گئے تھے ۔ واضح رہے کہ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ، مینجنگ ایڈیٹر جناب ظہیر الدین علی خاں ، فیض عام ٹرسٹ کے سکریٹری جناب افتخار حسین اور ٹرسٹی جناب رضوان حیدر نے کشمیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیا تھا اور متاثرہ علاقوں کے بچوں میں بیاگس کی تقسیم ، قرآن سنٹر ، خواتین کے لیے سلائی سنٹر اور کرافٹ سنٹر قائم کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ چنانچہ سخاوت ٹرسٹ بارہمولہ کے تعاون سے مذکورہ تینوں پراجکٹس پر فی کس 3.20 لاکھ روپئے کے مصارف سے کام جاری ہے ۔ اس کے علاوہ سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے 3.60 لاکھ روپئے کے مصارف سے گریٹر کشمیر ویلفیر ٹرسٹ کے لیے ایک ایمبولنس خرید کردی جو کینسر کے مریضوں کی منتقلی کے لیے استعمال کی جائے گی ۔ جناب افتخار حسین نے مزید بتایا کہ 6 لاکھ روپئے کے مصارف سے دومکانات کی تعمیر جاری ہے اور مزید مکانات تعمیر کئے جائیں گے ۔۔