سیلاب زدہ علاقہ سے حاملہ خاتون کو بچالیا گیا

نئی دہلی 9 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سوشیل میڈیا کے ذریعہ ملنے والے کالس کی بدولت فوج نے ایک نو ماہ کی حاملہ خاتون کو سرینگر میں ایک عمارت کی تیسری منزل سے بچالیا جہاں وہ پھنسی ہوئی تھی ۔ یہ عمارت 12 تا 13 فیٹ پانی میں گھری ہوئی تھی ۔ فوج کی جانب سے سوشیل میڈیا کے ذریعہ ملنے والے کالس کے ذریعہ اس خاتون تک رسائی ممکن ہوسکی ہے ۔ سوشیل میڈیا کے اس موثر استعمال کو دیکھتے ہوئے فوج کی جانب سے گوگل سے بھی رابطہ کیا جارہا ہے تاکہ وہ بھی ایسی کوئی سہولت کا آغاز کرے جس کے ذریعہ ریاست بھر میں پھنسے ہوئے افراد کے تعلق سے ان کے رشتہ داروں اور دوست احباب کو کوئی اطلاع مل سکے ۔ فوج کے اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل ( پبلک انفارمیشن ) میجر جنرل شوقین چوہان نے بتایا کہ ہم کو کل ہمارے فیس پک پیج پر ایک خاتون موریم نیسا کی درخواست ملی تھی جس نے اپنی نو ماہ کی حاملہ بہن کو بچانے کی درخواست کی تھی جو فاروق کالونی علاقہ میں ایک عمارت میں پھنسی ہوئی تھی ۔ اس کے بعد ہم نے یہ اطلاع مقامی حکام کو سرینگر میں فراہم کی اور انہیں اس خاتون تک پہونچنے کی ہدایت دی ۔ اس خاتون کے ساتھ دو بچوں سمیت 20 افراد پھنسے ہوئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس خاتون کو تیقن دیا تھا کہ حالانکہ اس علاقہ میں بہت زیادہ پانی ہے اس کے باوجود ہم اس کو بچائیں گے ۔ آج صبح فوج کو اس خاتون سے ’ شکریہ ‘ کا پیام موصول ہوا جس نے ہمیں اس حاملہ خاتون کی موجودگی کی اطلاع دی تھی ۔