وجئے واڑہ ۔ 24 ۔ ستمبر : ( پی ٹی آئی ) : آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج شام گنٹور کے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی سروے کیا ۔ انہوں نے روڈ اور ریل نٹ ورکس کی عاجلانہ بحالی کے لیے متعلقہ حکام کو جنگی خطوط پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔ چیف منسٹر نے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ باپٹلہ ، پدا نندی پاڈو ، کروسورو اور دیگر علاقوں کا فضائی سروے کرتے ہوئے برساتی پانی میں محصور فصلوں اور تباہ حال سڑکوں کا مشاہدہ کیا ۔ بعد ازاں موضع ریڈی گوڑم سے انہوں نے ذریعہ کار سفر کرتے ہوئے اطراف کے چند مواضعات کا معائنہ کیا ۔ اس دوران لگاتار تیسرے دن آج بھی گنٹور ۔ سکندرآباد ٹرین سرویس معطل رہی ۔ چندرا بابو نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ حکومت پر تنقیدوں کا سلسلہ بند کرتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ عوام کی امداد و باز آبادکاری کے کاموں میں حکومت سے تعاون کریں ۔۔