جموں ؍ سرینگر 11 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) زائداز 1,10,000 افراد جموں و کشمیر کے سیلاب سے تباہ حال حصوں سے ابھی تک بچاکر محفوظ تر مقام کو منتقل کردیئے گئے ہیں جبکہ مسلح افواج کی جانب سے راحت کاری سرگرمیاں آج دسویں روز میں داخل ہوگئیں۔ ڈیفنس پی آر او کرنل ایس ڈی گوسوامی نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ جموں و کشمیر کے مختلف حصوں سے مسلح افواج اور این ڈی آر ایف کی جانب سے زائداز ایک لاکھ دس ہزار لوگوں کو ریاست میں جاری بچاؤ اور راحت کاری آپریشنس میں تاحال بچالیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ نول مرین کمانڈوز کا تیسرا بیاچ کمپریسرس، ڈائیونگ سیٹس، سیٹلائٹ فونس اور دیگر اشیاء کے ساتھ سرینگر پہونچ گیا ہے تاکہ بچاؤ آپریشنس ’مشن ساہتیہ‘ میں مدد کی جاسکے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ابھی تک 2,24,000 لیٹر پانی، 31,500 غذائی پیاکٹس اور زائداز 375 ٹن پکی ہوئی غذا فضا سے گرائے گئے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ کرنول گوسوامی نے کہاکہ سیلاب کے متاثرین کو 8,200 بلانکٹس اور 650 خیمے فراہم کئے گئے ہیں۔ آرمڈ فورسیس میڈیکل سرویسس کی 80 میڈیکل ٹیمیں پہلے سے ہی سرگرم ہیں۔ کرنل گوسوامی نے کہاکہ پانی کی صفائی کی 13 ٹن گولیاں اور 6 واٹر فلٹریشن پلانٹس جن کی گنجائش روزانہ 1.2 لاکھ بوتلوں کی صفائی انجام دینا ہے،آج سرینگر کو روانہ کردیئے گئے ہیں۔ محکمہ مواصلات، آرمی، بی ایس این ایل وغیرہ کے کمیونکیشن آلات بھی اِس ریاست کو بھیجے جارہے ہیں۔
سیلاب زدہ جموں و کشمیر کیلئے پی ایم او
حکام کا ایک روز کی تنخواہ کا عطیہ
نئی دہلی 11 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) دفتر وزیراعظم کے تمام افسروں اور دیگر اسٹاف نے رضاکارانہ طور پر اپنی ایک دن کی تنخواہ کا وزیراعظم کے نیشنل ریلیف فنڈ کو عطیہ دیا ہے تاکہ جموں و کشمیر کے سیلاب سے متاثرہ عوام کی مدد کی جاسکے۔ پی ایم او کے ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ خیرسگالی اقدام جموں و کشمیر کے سیلاب سے متاثرہ عوام کے ساتھ اُن کا اظہار یگانگت ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کل عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ ریاستی حکومت کی بھرپور مدد کرے تاکہ وہ متاثرہ لوگوں کو بچانے اور راحت کاری اقدامات میں تیزی لانے کے قابل ہوسکیں۔