سید عزیز پاشاہ تلنگانہ اسٹیٹ آر ٹی سی ملازمین یونین کے اعزازی صدر منتخب

حیدرآباد۔17جون(سیاست نیوز) سینئر کمیونسٹ قائد سید عزیز پاشاہ کو تلنگانہ اسٹیٹ آرٹی سی ملازمین یونین کا اعزازی صدر منتخب کیا گیااس کے علاوہ ایس بابو صدر اور راجی ریڈی کو جنرل سکریٹری بنایاگیا۔اعزازی صدر عزیزپاشاہ نے تیس ارکان عاملہ کی کمیٹی کا بھی اس موقع پر اعلان کیا۔ تلنگانہ اسٹیٹ آرٹی سی ملازمین یونین کی پہلی ریاستی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یونین کے اعزازی صدر عزیز پاشاہ نے کہاکہ یونین تلنگانہ میں آرٹی سی ملازمین کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو روکنے کیلئے اپنی سرگرمیوں میںشدت پیدا کریگی ۔ انہوں نے تلنگانہ اسٹیٹ آرٹی سی یونین ملازمین کو متحد کرنے اور ملازمین کو درپیش مسائل کے حل کے لئے درکار حکمت عملی کی تیاری پرزوردیتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ کے آرٹی سی ملازمین پچھلے کئی دہوں سے ناانصافیوں اور زیادتیوں کاشکار ہیں اور اب جبکہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل عمل میںآچکی ہے اور علیحدہ آرٹی سی بورڈس کا قیام عمل میںآیا ہے تو ان حالات میں تلنگانہ اسٹیٹ آرٹی سی سے وابستہ ملازمین کیلئے انصاف کی توقعات بڑھ گئی ہیں۔