سید شفیع اللہ قادری کو راجندر نگر سے کامیابی کا یقین

ویلفیر پارٹی کے امیدوار کا پیدل دورہ ، ہر جگہ عوام کا والہانہ استقبال

حیدرآباد ۔ /18 اپریل ( نمائندہ خصوصی) حلقہ اسمبلی راجندر نگر میں اس مرتبہ ایک بڑی تبدیلی کے امکانات روشن ہوچکے ہیںاور یہاں رائے دہندوں کی تعداد 2 لاکھ 90 ہزار ہے جس میں مسلم رائے دہندوں کی تعداد 50 ہزار تک پہنچ چکی ہے اور اس مرتبہ مسلم رائے دہندوں کے ساتھ سیکولر ہندوں نے بھی فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ یہاں گزشتہ ایک عرصے سے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے سرگرم امیدوار سید شفیع اللہ قادری ایڈوکیٹ کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے اور خود ویلفیر پارٹی کے نوجوان اعلیٰ تعلیم یافتہ سید شفیع اللہ قادری ایڈوکیٹ بھی اپنی کامیابی کے لئے پرعزم ہیں اور آج کے ان کے پیدل دورہ کے بعد بہ آسانی کہا جاسکتا ہے کہ ان کی بھاری اکثریت سے کامیابی یقینی ہے ۔ عصر کی نماز کے بعد اپنے حلقہ میں پیدل دورہ کا آغاز کرتے ہوئے گھر گھر پہنچ کر عوام سے ملاقات کی اور یہاں کے مسائل پر ان سے تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ عوامی مسائل کو حل کرنے کا یقین بھی دیا ۔ انہوں نے ہر گھر کے بزرگوں سے جب ملاقات کی تو ان بزرگوں کی آنکھوں میں نہ صرف امید کی ایک نئی کرن تھی بلکہ ان بزرگوں نے اس نوجوان امیدوار کے حق میں دعائیں بھی دیں ۔ پیدل دورہ میں ان کے ساتھ سینکڑوں نوجوان بھی موجود تھے جو اپنے حلقہ میں ایک تعلیم یافتہ امیدوار کی کامیابی کے ساتھ ایک نئی تبدیلی کے خواہاں ہیں ۔ اپنے دورہ کے موقع پر سید شفیع اللہ قادری نے جو کہ یہاں اپنے حلقے میں میڈیکل کیمپ ، اسپورٹس کی سرگرمیاں اور دیگر فلاحی کام کررہے ہیں ، کہا کہ ان کا راست مقابلہ تلگودیشم کے موجودہ ایم ایل اے پرکاش گوڑ سے جو کہ عوامی توقعات پر پورے نہیں اترے ہیں ، عوام نے پرکاش گوڑ کو بھرپور موقع دیا لیکن ان کی قیادت میں نہ علاقے کی کوئی ترقی ہوئی اور نہ ہی وہ عوامی توقعات کو پورا کرسکے ہیں ۔ مقامی جماعت جس کو کامیابی کے لئے مضبوط دعویدار تصور کیا جاتا ہے وہ گزشتہ انتخابات میں تیسرے نمبر پر رہی ہے اور اس مرتبہ بھی مجلس کے امیدوار ذاکر حسین جاوید جن کا تعلق میدک ضلع کے جوگی پیٹ سے ہے ۔ یہاں کے مسائل سے واقف نہیں ہیں جس کا بھی مجھے فائدہ ہوگا ۔ آج اپنے حلقے میں ایک شاندار اور زبردست پیدل دورہ کرنے والے سید شفیع اللہ قادری ایڈوکیٹ نے اپنی کامیابی کے دیگر مثبت طاقتور اور مؤثر پہلوؤں پر کہا کہ ویلفیر پارٹی آف انڈیا کا ایک صاف ستھرے سیاسی نظام پر ایقان ہے اور پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ یہاں عوام کے مسائل کی یکسوئی ، سرکاری محکموں سے رشوت کے خاتمہ اور حلقہ کی ہمہ جہتی ترقی کو اولین ترجیح دے گی ۔ حلقہ راجندر نگر میں چونکہ تعلیمی پسماندگی بہت زیادہ ہے اس لئے یہاں آبادی کے تناسب سے سرکاری اسکولوں کی تعمیر ، ہر محلہ میں دواخانوں کا قیام ، نوجوانوں کے لئے کھیل کے میدان ، دلتوں اور اقلیتوں کو سرکاری اسکیمات سے مکمل استفادہ کروانے کے علاوہ خود روزگار اسکیم کی گھر گھر رسائی کو یقینی بنایا جائے ۔ سید شفیع اللہ قادری نے کہا کہ وہ ان مقاصد کے حصول اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے میدان سیاست میں اترے ہیں اور انہیں اپنی کامیابی کا پورا یقین ہے ۔