سیتا رمن فسادات کی خفیہ معلومات سے آگاہ کریں: چدمبرم

نئی دہلی’ 14جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے وزیر دفاع نرملا سیتا رمن کے کانگریس پارٹی پر ملک میں ماحول کو خراب کرنے کا منصوبہ بنانے کے الزام پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں ان کے پاس خفیہ اطلاع ہے تو انہیں اسے وزارت داخلہ کو بتانا چاہئے ۔ چدمبرم نے ٹوئٹ کیا کہ وزیر دفاع کہتی ہیں کہ لوک سبھا الیکشن سے قبل فسادات بھڑکانے کا منصوبہ ہے ۔ ان کے پاس یہ خفیہ اطلاع ہے تو انہیں اسے وزارت داخلہ کو بتانا چاہئے ۔ انہوں نے سیتارمن کے بیان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو سبق سکھانے ، دہشت گردی کو ختم کرنے ، دراندازی پر روک لگانے اور رافیل جنگی طیارہ حاصل کرنے کے بعد وزیر دفا ع کے پاس اب سیاسی جماعتوں اور افراد کے مذہبی تعلق پر نگاہ رکھنے کا ہی کام رہ گیا ہے ۔ سیتارمن نے راہول گاندھی کی مسلم دانشور وں سے ملاقات کرنے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ کانگریس خود کو مسلم حامی ثابت کرنا چاہتی ہے اور الیکشن سے قبل ماحول خراب کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔