سیاسی پارٹیوں سے الکٹرانک ووٹنگ مشین پر شبہ نہ کرنے کی اپیل

فہرست رائے دہندگان کے تعلق سے اعتراضات دور کرنے چیف الیکٹورل آفیسر کا تیقن
حیدرآباد /14 ستمبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ اسٹیٹ چیف الکٹورل آفیسر رجت کمار نے الکٹرانک ووٹنگ مشین پر غیر ضروری شکوک میں مبتلا نہ ہونے کی سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام شبہات کو دور کرنے کا اعلان کیا ۔ فہرست رائے دہندگان کے تمام اعتراضات کو دور کرنے کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ سنٹرل الیکشن کمیشن کی ٹیم نے قبل از وقت انتخابات کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ انتخابات میں رقمی تقسیم اور سوشیل میڈیا پر چلائی جانے والی مہم پر نظر رکھی جائے گی ۔ آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رجت کمار نے کہا کہ تلنگانہ میں جلد از جلد انتخابات کرانے کی تمام تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے قواعد کے مطابق اندرون 6 ماہ تلنگانہ میں انتخابی عمل مکمل ہونے کی توقع کا اظہار کیا اور کہا کہ کلکٹرس اور ایس پیز ایک دوسرے سے تعاون و اشتراک کرتے ہوئے کام کر رہے ہیں ۔ ہر گاؤں کے رائے دہندوں میں شعور بیدار کیا جائے گا ۔ تمام سیاسی جماعتوں کی موجودگی میں الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں مطمین کیا جائے گا اور ان کے شکوک اور خدشات کو دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔ سنٹرل الیکشن کمیشن بھی انتخابات پر مکمل نگرانی رکھے گی ۔ رجب کمار نے کہا کہ سنٹرل الیکشن کمیشن کی ٹیم پھر ایک بار تلنگانہ کا دورہ کرے گی ۔ سیاسی جماعتوں نے فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کیلئے وقت کم پڑھنے کے خدشات کا اظہار کیا ہے ۔ تاہم سابق کہ تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن کی ٹیم نے اس کو ممکن قرار دیا ہے ۔ رجت کمار نے کہا کہ الکٹرانک ووٹنگ مشین میں سیکوریٹی فیچرس موجود ہیں ۔ کونسا الکٹرانک ووٹنگ مشین کہاں جارہا ہے لمحے آخر تک پتہ نہیں چلتا ۔ وی وی پیاٹس مشینس نئے متعارف کروائے جائیں گے ۔ 18 ستمبر تک الکٹرانک ووٹنگ مشین اور وی وی پیاٹس اضلاع کو پہونچ جائیں گے ۔ ریٹرننگ آفیسرس اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس کو 4 دن کی تربیت فراہم کی جائے گی ۔ سنٹرل الیکشن کمیشن کے نمائندوں کے اجلاس میں لاء اینڈ آرڈر کا جائزہ لیا گیا ہے ۔ یوتھ سطح پر سیکوریٹی فراہم کرنے کے منصوبے سے پولیس عہدیداروں نے واقف کروایا ۔