سان انٹونیو ۔ 19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی قیادت کیلئے سب سے اہم بات یہ ہیکہ ہم ’’اپنی مشترکہ انسانیت‘‘ کو کبھی فراموش نہ کریں۔ سان انٹونیو میں NAACP کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔ انہوں نے اس موقع پر ولی براؤن کو 2018ء کا NAACP اسپرنگرن میڈل بھی پیش کیا جو افریقی امریکی براؤن کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا گیا۔ یاد رہیکہ ولی براؤن کیلیفورنیا میں ایوان کے سابق اسپیکر اور سان فرانسسکو کے سابق میئر ہیں۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کلنٹن نے کہا کہ سیاسی قائدین کو یہ بات ہمیشہ ذہن نشین کرنی چاہئے کہ انسانیت ہی سب کچھ ہے۔ یہ اس وقت بہت زیادہ محسوس کی جاتی ہے۔ جب حق رائے دہی، خاندان کا تحفظ اور بچوں کا بہترین مفاد ہمارے پیش نظر ہوتا ہے۔ جب ہمیں اپنے پڑوسیوں، دوستوں اور بزرگوں کے ساتھ تعلقات میں دراڑ کا احساس ہوتا ہے تو اس وقت انسانیت کی اہمیت معلوم ہوتی ہے۔