ایسی پارٹیاں بنیادی حقائق سے کٹ کر رہ جاتی ہیں۔ مودی کا خطاب۔ کبیرداس کی مزار پر حاضری، چادرگل پیش
سنت کبیر نگر 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج اپوزیشن پارٹیوں پر تنقید کی اور کہاکہ بعض پارٹیاں اپنے حقیر سیاسی فائدہ کے لئے ملک میں بدامنی پھیلانا چاہتی ہیں۔ عوام کے ذہنوں میں شک و شبہات پیدا کرتے ہوئے وہ اپنے مفادات کی خاطر امن کو درہم برہم کرنا چاہتی ہیں اس سے وہ خود زمینی حقائق سے کٹ کر رہ جاتی ہیں۔ شاعر و سنت کبیر داس کی مزار پر چادر کی پیش کشی کے بعد سنت کبیر داس کے ’’تروان استھل‘‘ پر ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے یہ بھی کہاکہ جن لوگوں نے عوام پر ایمرجنسی مسلط کی تھی اور جو لوگ اس کی مخالفت کررہے تھے اب ایک دوسرے کے قریب آچکے ہیں۔ بعض پارٹیاں ملک میں امن و ترقی نہیں چاہتی۔ وہ لوگ (اپوزیشن پارٹیاں) سوچتی ہیں کہ اگر ملک میں بدامنی پیدا ہوجائے تو وہ اس کا سیاسی فائدہ اُٹھا سکیں گے لیکن ان افراد کو یہ معلوم نہیں کہ جو لوگ اپنے مفادات کی پوجا کرتے ہیں وہ زمینی حقائق سے کٹ کر رہ جاتے ہیں۔ اپنی جڑوں کو وہ خود کاٹ رہے ہیں۔ یہ لوگ سنت کبیر مہاتما گاندھی اور بابا امبیڈکر کی اس سرزمین کی نوعیت و فطرت سے واقف نہیں ہیں۔ سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ جو لوگ ہمیشہ ’’سماج واد‘‘ اور ’’بہوجن‘‘ کی باتیں کرتے ہیں وہ انتہائی خود غرض ہوتے ہیں۔ وہ سماج کو بہبود پاتے دیکھنا نہیں چاہتے بلکہ اپنی ہی ترقی چاہتے ہیں۔ اپنے خاندان کو فروغ پاتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ مودی نے سابق چیف منسٹر یوپی اکھلیش یادو پر بھی تنقید کی۔ بنگلہ تنازعہ پر ان قائدین نے نیا مسئلہ کھڑا کیا تھا۔ انھوں نے کہاکہ بعض قائدین کو صرف سرکاری بنگلوں سے تعلق ہوتا ہے۔ یہ لوگ اپنے تصرف والے بنگلوں کی ہی فکر کرتے ہیں۔ غریبوں کے مکانات کی انھیں ہرگز فکر نہیں ہے اور کہاکہ بعض لیڈرس تو صرف سرکاری بنگلوں پر نظر رکھے ہوتے ہیں۔ اقتدار کی ہوس نے انھیں ایک دوسرے سے قریب لایا ہے۔ ایمرجنسی لانے والے اور ایمرجنسی پر تنقید کرنے والے آج دونوں ایک دوسرے کا ہاتھ ملائے چل رہے ہیں۔ دو دن قبل ہی ملک نے ایمرجنسی کی تلخ یادوں کی 43 ویں سالگرہ منائی ہے۔ وزیراعظم نے اپوزیشن پارٹیوں پر اس بات کے لئے بھی تنقید کی کہ یہ پارٹیاں پارلیمنٹ میں 3 طلاق بل کی منظوری میں رکاوٹ کھڑی کررہی ہیں حتیٰ کہ مسلم خواتین اس بل کی منظوری کے لئے زور دے رہی ہیں۔ وزیراعظم نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارناموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ملک میں سوچ بھارت کے تحت تقریباً 1.25 کروڑ بیت الخلاء تعمیر کئے گئے۔ ان کی حکومت نے غریبوں کی ترقی کا عہد کیا ہے اور اس عہد کو پورا کررہی ہے۔ وزیراعظم کے ہمراہ چیف منسٹر آدتیہ ناتھ یوگی اور وزیر سیاحت ریتا بہوگنا جوشی بھی تھے۔ انھوں نے 25 کروڑ لاگتی سنت کبیر داس ریسرچ اکیڈیمی کا سنگ بنیاد رکھا۔