10 اپریل سے آغاز ۔’ سیکھو اور کماؤ ‘ کے تحت مختلف کورسیس کی تربیت کا اہتمام
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مارچ : ( دکن نیوز ) : ادارہ سیاست اور مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیر اہتمام ہمیشہ کی طرح اس سال بھی گرمائی تعطیلات میں بارہواں 45 روزہ ووکیشنل سمر کیمپ 2015 کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ اس کورس کا 10 اپریل سے آغاز ہوگا ۔ ’ سیکھو اور کماؤ ‘ کے تحت تربیتی پروگرام میں طلباء وطالبات اور خواتین کے لیے ٹیلرنگ ، مہندی ڈیزائننگ ، بیوٹیشن ، موتی ورک ، ویجٹیبل کا رونگ ، کشیدہ کاری ، سافٹ ٹائیز فلاور میکنگ اور اسپوکن انگلش کی مکمل تربیت شامل رہے گی ۔ اس سال فزیوتھراپی ، لیاب ٹیکنیشن اور ویڈیو گرافی کی بھی خصوصی تربیت کا اہتمام کیا جارہا ہے تاکہ تربیت یافتہ مرد و خواتین کو فوری روزگار حاصل ہوسکے ۔ کمپیوٹر کورس میں بی سی اے ، ایم ایس آفس ، ہارڈویر ، اکاونٹس ، ڈی ٹی پی اور پی جی ڈی سی اے شامل ہیں ۔ اس سلسلہ میں ایک خصوصی اجلاس آج دفتر ایم ڈی ایف احاطہ روزنامہ سیاست عابڈز پر منعقد ہوا جس میں تربیتی پروگرام کی تفصیلات کو قطعیت دی گئی ۔ دونوں شہروں اور اضلاع کے ووکیشنل سنٹرس ، مدارس اور اداروں سے خواہش کی گئی ہے کہ اگر وہ ان کورسس کا اہتمام کرنا چاہتے ہیں تو اپنی درخواستیں دفتر ایم ڈی ایف احاطہ روزنامہ سیاست عابڈز پر 11 بجے دن تا 5 بجے شام کے دوران داخل کریں ۔ اجلاس کی صدارت جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے کی ۔ اجلاس میں محترمہ خدیجہ سلطانہ ، محمد برکت علی ، محمد فرید الدین ، ایم اے قدیر ، احمد صدیقی مکیش ، محمد نصر اللہ خاں و دیگر نے شرکت کی ۔ کیمپ کے بارے میں مزید تفصیلات کوآرڈینٹرس محمد فرید الدین فون نمبر 9885376518 یا محمد برکت علی 9700088110 سے معلوم کی جاسکتی ہیں ۔ سیاست و ایم ڈی ایف کی جانب سے گذشتہ 11 برسوں سے گرمائی ووکیشنل کیمپ بہ پابندی منعقد کیا جاتا ہے ۔ چنانچہ گذشتہ سال دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے 56 مراکز میں تربیتی کورس کا انعقاد عمل میں آیا جس سے سینکڑوں خواتین ، طالبات نے استفادہ کیا ۔ کورس کے اختتام پر تربیت یافتہ امیدواروں کو مسلمہ سرٹیفیکٹس اور خصوصی انعامات بھی دئیے جاتے ہیں ۔ امسال بھی منتخب تربیتی مراکز کو ایوارڈس پیش کئے جائیں گے ۔