سیاست و ایم ڈی ایف کے زیر اہتمام اتوار کو دو بدو پروگرام

دارالامن فنکشن ہال آصف نگر پر انعقاد ۔ سرپرستوں کی سہولت کیلئے اسکرین کا اہتمام

حیدرآباد ۔ 20 ۔ جون : ( دکن نیوز ) : مسلمان لڑکوں و لڑکیوں کی شادیوں کو طئے کرنا والدین کیلئے ایک سنگین مسئلہ بنتا جارہا ہے اور خاص طور پر لڑکیوں کے والدین و سرپرست کئی طرح کے مسائل سے دوچار ہیں ۔ دوسری طرف لڑکوں و لڑکیوں کے رشتہ لگانے والے کئی ادارے والدین کی مجبوری کا فائدہ اٹھا کر زیادہ سے زیادہ رقمی مطالبات کررہے ہیں ۔ ملت اسلامیہ کو درپیش اس شدید بحران سے نمٹنے گذشتہ 6 برسوں سے ادارہ سیاست اور مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کی جانب سے ’ دوبدو ملاقات پروگرام ‘ کیے جاتے رہے ہیں تاکہ برسرموقعہ والدین و سرپرست ایک جگہ جمع ہو کر رشتوں کا انتخاب کرسکے اور رشتے طئے کرنے میں پیشرفت کرسکے ۔ اس پروگرام کے علاوہ احاطہ روزنامہ سیاست میں ایک مستقل دفتر قائم کیا گیا ہے ۔ جہاں باقاعدہ طور پر لڑکوں و لڑکیوں کے سینکڑوں رشتے ملاحظہ کیلئے دستیاب ہیں ۔ مفت خدمات کے ذریعے یہ کام بخوبی انجام پارہا ہے اور اب تک 4000 سے زائد پیامات ایم ڈی ایف کی خدمات کے ذریعہ طئے پاچکے ہیں ۔ ادارہ سیاست وایم ڈی ایف کی جانب سے 32 واں دوبدو ملاقات پروگرام 22 جون اتوار ، دارالامن فنکشن ہال آصف نگر روڈ مہدی پٹنم پر 10 بجے دن تا 4 بجے دن منعقد ہوگا ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست صدارت کریں گے ۔ جناب ایم اے شکور سابق کارپوریٹر و صدر نشین کالج آف سوشیل ورک مہمان خصوصی ہونگے ۔ ایم ڈی ایف کی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس کل شام گولڈن جوبلی ہال احاطہ روزنامہ سیاست منعقد ہوا ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے صدارت کی ۔ اجلاس میں جناب اقبال احمد خاں ، جناب ایم اے قدیر ، خواجہ معین الدین ، میر انور الدین ، سید ناظم الدین ، محمد فرید الدین ، خدیجہ سلطانہ ، وحیدہ خاتون ، عابدہ بیگم ، عرشیہ عامرہ ، کوثر جہاں ، محمد نصر اللہ خاں ، احمد صدیقی مکیش ، ریحانہ نواز اور دیگر کارکنان نے شرکت کی ۔ اجلاس نے 32 ویں دوبدو ملاقات پروگرام کے موقع پر پہلی مرتبہ اسکرین پر لڑکے و لڑکیوں کے فوٹوز و بائیو ڈاٹاس کے دکھائے جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ ہمیشہ کی طرح 10 کمپیوٹرس پر والدین کو پیامات کی تفصیل اور تصاویر کا مشاہدہ کرنے کی سہولت حاصل رہے گی ۔ اجلاس میں 25 والینٹرس اور 20 کونسلرس کا انتخاب کیا گیا جو پیامات کی نشاندہی اور رشتوں کو طئے کرنے میں والدین کی رہبری و رہنمائی کرینگے ۔ جناب عابد صدیقی ، صدر ایم ڈی ایف نے مہدی پٹنم ، مراد نگر ، آصف نگر ، ملے پلی ، جھرہ ، کاروان اور دیگر اطراف و اکناف کے علاوہ دونوں شہروں کے محلہ جات میں مقیم والدین و سرپرستوں سے خواہش کی ہیکہ وہ اس موقع سے استفادہ کریں ۔ اضلاع کے بھی والدین کو لڑکے و لڑکی کے انتخاب کیلئے دوبدو پروگرام میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے ۔ مزید تفصیلات 9394801526 سے حاصل کی جاسکتی ہے ۔