حیدرآباد ۔ یکم ۔ جولائی : ( دکن نیوز ) : بنجارہ ہلز ، فرسٹ لانسر ، احمد نگر ، زہرا نگر اور اطراف و اکناف میں رہائش پذیر مسلمانوں کے اصرار پر 43 واں دوبدو ملاقات پروگرام پہلی بار خواجہ منشن فنکشن ہال ، مانصاحب ٹینک ، بنجارہ ہلز روڈ پر اتوار 5 جولائی ، 10 بجے دن تا 4 بجے شام مقرر ہے ۔ شہر حیدرآباد میں قیام پذیر مسلم والدین و سرپرستوں اپنے لڑکے و لڑکیوں کی شادیوں کے لیے دوبدو پروگرام میں باہمی مشاورت کے ذریعہ موزوں رشتوں کا انتخاب کریں گے ۔ عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے بتایا کہ ماہ رمضان المبارک کے پیش نظر خصوصی پروگرام رکھا گیا ہے ۔ عام طور پر عید منانے کے لیے کئی مسلم نوجوان خلیجی ملکوں ، امریکہ ، آسٹریلیا اور لندن سے آیا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ سیاست و مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم نے اب تک 42 دوبدو ملاقات پروگرام شہر کے علاوہ اضلاع کریم نگر ، ورنگل ، محبوب نگر میں منعقد کئے ۔ ان پروگرامس کے باعث تقریبا 4000 سے زائد رشتے طئے پائے اور یہ سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ سیاست کے احاطہ میں ایک دفتر قائم کیا گیا ہے جو باقاعدہ طور پر رشتوں کی نشاندہی ، لڑکوں و لڑکیوں کے پیامات کے رجسٹریشن اور دیگر متعلقہ امور انجام دیا کرتا ہے ۔ دفتر میں ہر روز تقریبا 80 تا 100 والدین و سرپرست پہنچ کر بائیو ڈاٹاس اور فوٹوز ملاحظہ کرتے ہیں ۔
یہ کام ہر ہفتہ چھ دن 11 بجے دن تا 5 بجے تک جاری رہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتوار 5 جولائی کو 10 بجے دن لڑکے و لڑکیوں کے علحدہ کاونٹرس پر رجسٹریشن کا آغاز ہوگا ۔ رجسٹریشن کے بعد کارڈس جاری کئے جائیں گے جس کی مدد سے والدین و سرپرست اپنی من پسند کے رشتوں کا انتخاب ایم ڈی ایف کے مقررہ کونسلرس کی رہنمائی میں کریں گے ۔ تعلیمی قابلیت کے اعتبار سے 10 کاونٹرس بنائے جارہے ہیں ۔ اس کے علاوہ کمپیوٹرس پر لڑکے و لڑکیوں کے فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس ملاحظہ کے لیے 10 کمپیوٹرس پر مشتمل وسیع کیبن تیار کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس بامقصد و فلاحی پروگرام کی صدارت جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست کریں گے ۔ ٹی آر ایس لیڈر و مشہور سماجی کارکن نواب ارشد علی خاں بحیثیت مہمانان خصوصی شریک رہیں گے ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف خیر مقدم و تعارف کروائیں گے ۔ اس سلسلہ میں ایم ڈی ایف کا خصوصی مشاورتی اجلاس آج جمعرات 2 جولائی 4-30 بجے شام دفتر ایم ڈی ایف پر منعقد ہوگا ۔ ایم اے قدیر نائب صدر ، احمد صدیقی مکیش آرگنائزنگ سکریٹری نے تمام اراکین ایم ڈی ایف سے بہ پابندی وقت شرکت کی خواہش کی ہے ۔۔