حیدرآباد /5 نومبر ( دکن نیوز ) عقدثانی کیلئے رشتوں کے انتخاب کے سلسلہ میں والدین و سرپرستوں کا36 واں دوبدو ملاقات پروگرام بروز اتوار 9 نومبر 10 بجے دن تا 4 بجے شام ایس اے ایمپرئیل گارڈ۔ ، ٹولی چوکی روڈ منعقد ہوگا ۔ ادارہ سیاست و میناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیر اہتمام منعقد شدنی اس پروگرام میں ایسے پیامات بھی دستیاب رہیں گے جو لڑکوں و لڑکیوں کی شادیوں میں تاخیر کے باعث رجسٹرڈ کروائے گئے ہوں ۔ دلچسپی رکھنے والے خواہشمند اس پروگرام سے استفادہ کرسکتے ہیں ۔ دیگر زمروں کے پیامات پروگرام میں شامل نہیں رہیں گے ۔ پروگرام کی صدارت جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست کریں گے ۔ محمد معین الدین صدر فیڈریشن آف ٹولی چوکی کالونیز مہمان خصوصی ہوں گے ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف خیرمقدم کریں گے ۔ دفتر ایم ڈی ایف کے علاوہ پروگرام کے دن صبح ہی سے رجسٹریشن کاونٹر پر نئے رجسٹریشن کی سہولت حاصل رہے گی ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے والدین و سرپرستوں سے خواہش کی ہے کہ وہ فوری طور پر پیامات کیلئے رجسٹریشن کروائیں ۔ جس کیلئے دو عدد فوٹوز اور بائیو ڈاٹا کی کاپیز لانا ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم معاشرہ میں حالیہ کچھ عرصہ سے خلع و طلاق کے بے شمار واقعات نظر عام پر آئے ہیں اور شادی کے کچھ عرصہ بعد ہی خلع و طلاق کے انتہاء پسند اقدامات کے بعد کئی خاندان سخت پریشان ہیں ۔ اس صورت حال کے پیش نظر سیاست و ایم ڈی ایف نے یہ خصوصی دوبدو ملاقات پروگرام برائے عقدثانی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہیں اس بات کی امید ہے کہ اس پروگرام کے ذریعہ لڑکے و لڑکیوں کے رشتے بڑی تعداد میں طئے ہوجائیں گے ۔ اس کے علاوہ پروگرام میں ایسے رشتہ بھی ملاحظہ کیلئے رکھے جارہے ہیں جو کسی نہ کسی وجہ سے تاخیر سے دوچار ہوئے ہوں ۔ انہوں نے اضلاع میں فکر مند والدین و سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ اس سنہری موقع سے استفادہ کریں اور پروگرام میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں ۔ ایم اے قدیر نائب صدر فورم نے وضاحت کی کہ مجوزہ دوبدو پروگرام صرف و صرف عقدثانی کے رشتوں کیلئے ہی رکھا گیا ہے ۔ اس لئے براہ کرم پہلی شادی کیلئے رشتوں کے خواہشمند شرکت کی زحمت نہ کریں ۔ انہوں نے ادارہ جات پیامات کے ذمہ داروں سے اپیل کی کہ وہ قطعی طور پر اس پروگرام میں شریک نہ ہوں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے ۔ مزید تفصیلات کیلئے ایم اے قدیر نائب صدر فورم 9394801526 پر ربط کریں ۔