سیاست و ایم ڈی ایف کا آج رشتوں کے انتخاب پر دو بہ دو پروگرام

رائل ریجنسی گارڈن آصف نگر روڈ پر مقرر، جناب عامرعلی خان نیوز ایڈیٹر سیاست صدارت کرینگے
حیدرآباد ۔ 28 نومبر (دکن نیوز) مائناریٹی ڈیولپمنٹ فورم اور سیاست کی جانب سے اتوار 29 نومبر کو 52 ویں دوبہ دو ملاقات پروگرام کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں اور یہ پروگرام رائل ریجنسی گارڈن آصف نگر روڈ، روبرو پٹرل پمپ میں حسب سابق پروگرامس کی طرح اپنی آب و تاب کے ساتھ منعقد ہوگا۔ حلقہ اسمبلی نامپلی کے تحت والی بستیاں آصف نگر، ملے پلی، حبیب نگر، وجئے نگر کالونی، مہدی پٹنم، ہمایوں نگر، جھرہ، ٹپہ چبوترہ کے علاوہ دیگر مسلم گنجان آبادی والی بستیوں میں رہنے والے والدین سے توقع ہے کہ بڑی تعداد میں اس پروگرام میں شریک ہوکر اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتوں کا انتخاب کریں گے۔ اس پروگرام کی صدارت جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کریں گے۔ فورم نے گذشتہ دو دن قبل ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خان کے نام کا پروگرام کی سرپرستی کیلئے اعلان کیا تھا لیکن وہ ان دنوں عمرہ و زیارت نبوی ؐ سے سرشاری میں مصروف ہیں۔ اس پروگرام میں مہمانان خصوصی کی حیثیت سے جناب فیصل بن علی القعیطی پروپرائٹر رائل ریجنسی گارڈنس، عالم دین مولانا مفتی محبوب شریف نظامی مہتمم مدرسہ رحمت العلوم کشن باغ اور مولانا عبدالملک مظاہری ناظم مدرسہ مدینتہ العلوم و خطیب مسجد فردوس وجئے نگر کالونی شرکت کریں گے۔ ان دو علماء کرام کو اللہ نے بڑی بصیرت اور دوررس نگاہی سے سرفراز کیا ہے جنہوں نے موجودہ نازک ترین صورتحال میں معاشرہ کو حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے آپ کو اسلامی کردار کی طرف ڈھالنے کی سعی و جہد میں عرصہ دراز سے زور دینے میں مصروف ہیں جن کے نصائح سے آج امت اپنے میں بگاڑ کو دور کرتے ہوئے بناؤ کی طرف گامزن ہورہی ہے۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف خیرمقدم کریں گے اور دوبہ دو ملاقات پروگرام کا تفصیلی تعارف دیں گے۔ قرأت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوگا۔ احمد صدیقی میکش آرگنائزنگ سکریٹری فورم بحضور خیرالانام ؐ میں نعت شریف کا نذرانہ پیش کریں گے۔ سیاست وایم ڈی ایف کا یہ دو بہ دو ملاقات پروگرام والدین کے لئے اپنے لڑکے و لڑکیوں کے رشتوں کی رہبری و رہنمائی اور اسے پائے تکمیل تک پہنچانے کے ساتھ شہر کے جید علماء کرام کی زبانی ان کے نصیحتوں کو ملت اسلامیہ تک پہنچاتے ہوئے ان میں اسلامی فکر پیدا کرنے کا ذریعہ بنتا جارہا ہے۔ اسی لئے جتنے پروگرام اب تک ہوئے ہیں علمائے کرام کی خدمات حاصل کی گئیں۔ اس دوبہ دو ملاقات پروگرام کی تعریف و توصیف شہر ہی نہیں بلکہ ملک کی ریاستوں اور اس کے اضلاع کے ساتھ ساتھ بیرونی ریاستوں و ملکوں میں پھیلتی جارہی ہے۔ الحمدللہ اس پروگرام کے ذریعہ اب تک کئی والدین نے رشتوں کا انتخاب کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری سے سبکدوشی حاصل کررہے ہیں اور جو لوگ اس پروگرام کے ذریعہ مستفید ہوکر رشتے طئے کرنے کی طرف اپنے قدم آگے بڑھا رہے ہیں امید ہے کہ اللہ رب العزت ان کے لڑکے و لڑکیوں کو رشتہ ازدواج سے منسلک کرے گا۔ والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے ساتھ ضرور بائیو ڈاٹاس اور فوٹوز رکھیں تاکہ رجسٹریشن اور والدین سے گفتگو کیلئے آسانی پیدا ہوسکے۔ والدین کی سہولت کیلئے ہر پروگرام کی طرح اس پروگرام میں بھی کاونٹرس تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے بنائے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ پیشہ کی طرح پوسٹ گریجویٹ اور گریجویٹس کیلئے کاونٹر رہے گا اور اس کاونٹر سے صرف لڑکے کا تعارف دیتے ہوئے والدین سے مشاورت کی راہ ہموار کی جائے گی۔ عہدیداران ایم ڈی ایف ڈاکٹر ایس اے مجید، سید الیاس باشاہ، میر انورالدین، احمد صدیقی میکش، محمد نصراللہ خان، سید ناظم الدین، محمد شاہد حسین، خدیجہ سلطانہ، رفیعہ سلطانہ ثانیہ، آمنہ فاطمہ، سید ناظم الدین، عبدالواحد، صالح بن عبداللہ باحاذق، سید اصغر حسین، اے اے کے امین و دیگر شامل ہیں، جنہوں نے والدین سے بہ پابندی وقت شرکت کی اپیل کی ہے۔ مزید تفصیلات ایم اے قدیر نائب صدر فورم سے فون نمبر 9394801526 پر حاصل کی جاسکتی ہیں۔