سیاست و ایم ڈی ایف سمر ووکیشنل کیمپ کا افتتاح

سینئر سٹیزنس کارڈس کی تقسیم، جناب ظہیرالدین علی خاں و دیگر کی شرکت و مخاطبت
حیدرآباد 23 اپریل (دکن نیوز) ادارہ سیاست و میناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیراہتمام 45 روزہ ووکیشنل سمر کیمپ کا آج شام محبوب حسین جگر ہال احاطہ روزنامہ سیاست (عابڈس) میں جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ اُنھوں نے اس موقع پر معمرین میں سینئر سٹیزن کارڈس تقسیم کئے۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے صدارت کی۔ اُنھوں نے اس موقع پر کہاکہ ایم ڈی ایف کی جانب سے امسال 53 مراکز کا رجسٹریشن عمل میں آیا ہے جہاں 25 اپریل سے مختلف پیشہ وارانہ کورسیس میں لڑکوں اور لڑکیوں اور خواتین کو تربیت دی جائے گی۔ پیشہ وارانہ کورسیس میں ٹیلرنگ، فیشن ڈیزائننگ، فزیوتھراپی، مہندی ڈیزائننگ، کمپیوٹر، اسپوکن انگلش اور دیگر کورسیس شامل کئے گئے ہیں۔ جناب عابد صدیقی نے اپنے صدارتی خطاب میں ووکیشنل مراکز کے ذمہ داروں سے کہاکہ وہ خدمت خلق کے جذبہ سے کام کریں اور اس بات کی کوشش کریں کہ اِن مراکز میں تربیت یافتہ لڑکیوں و خواتین کو اپنا روزگار آپ پیدا کرنے کی مہارت ہوجائے۔ اُنھوں نے کہاکہ ادارہ سیاست و ایم ڈی ایف نے مختلف پراڈکٹس کی مارکٹنگ کے سلسلہ میں بھی ایک پروگرام تیار کیا ہے۔

جناب اقبال احمد خان، ڈاکٹر ایوب حیدری، ایم اے قدیر سینئر سٹیزن کارڈس معمرین میں تقسیم کئے۔ جناب محمد خواجہ معین الدین جنرل سکریٹری نے ابتداء میں ایم ڈی ایف کی سرگرمیوں اور مختلف شعبوں میں سیاست و ایم ڈی ایف کی سے واقف کروایا۔ محترمہ خدیجہ سلطانہ سکریٹری شعبہ خواتین نے مراکز کے ذمہ داروں کو مشورہ دیا کہ وہ دیگر مراکز سے بھی رابطہ قائم رکھیں۔ جناب محمد برکت علی کوآرڈی نیٹر نے خیرمقدم کیا۔ جناب ایم اے ستار خان جنرل سکریٹری آسرا ویلفیر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور کہاکہ معمر افراد کے لئے کئی سہولیات حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی ہے اور توقع ہے کہ مستقبل میں اور بھی مراعات سینئر سٹیزن کو حاصل ہوں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ میڈیکل ہالس میں سینئر سٹیزنس کے لئے ادویات کی قیمتوں میں 40 فیصد کمی کی گئی ہے۔ ادارہ سیاست کی جانب سے اگر اس نوعیت میڈیکل ہال قائم کیا جائے تو کئی سٹیزنس اس سے استفادہ حاصل کرسکیں گے۔ جناب میر انور الدین، عابدہ بیگم، احمد صدیقی مکیش، ریحانہ نواز، کوثر جہاں، محمد نصراللہ خان، محمد احمد، مصطفیٰ صدیقی، لطیف النساء، رئیس النساء و دیگر ایم ڈی ایف عہدیداران و اراکین نے شرکت کی۔