سیاست و ایم ڈی ایف رشتوں کے دو بہ دو پروگرام کی جھلکیاں

٭ ایس اے ایمپرئیل گارڈن میں منعقدہ سیاست و ایم ڈی ایف کے رشتوں کے دو بہ دو پروگرام کی گولڈن جوبلی مکمل ہونے کے بعد 51 واں پروگرام آج نہایت کامیاب رہا۔ والدین اور سرپرستوں نے بڑی تعداد میں رشتے طے کئے۔
٭ علیحدہ علیحدہ رجسٹریشن کاؤنٹرس پر لڑکوں کے 91 اور لڑکیوں کے 185 نئے رجسٹریشن کروائے گئے۔
٭ جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر سیاست کے ہمراہ جناب مخدوم موسیٰ نے ہر کاؤنٹر کا معائنہ کیا اور انتہائی مسرت کا اظہار کیا۔ انھوں نے اس عظیم ملی خدمت کے لئے جناب ظہیرالدین علی خان کو مبارکباد دی۔
٭ جامعہ نظامیہ کے ممتاز عالم دین مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم نے دو بہ دو پروگرام کی اہمیت اور افادیت کو محسوس کرتے ہوئے پیشکش کیا کہ وہ اس پروگرام سے ملت اسلامیہ کے دیگر طبقات کو اپنی تحریروں و تقریروں کے ذریعہ روشناس کروائیں گے۔
٭ دو بہ دو پروگرام کے موقع پر ایس سی، ایس ٹی، بی سی ، مسلم فرنٹ کے تمام عہدیداروں نے جناب ثناء اللہ خان کنوینر اور جناب حسین حیات حبیب کی قیادت میں نہ صرف شرکت کی بلکہ سیاست اور ایم ڈی ایف اور فیڈریشن ٹولی چوکی کالونیز کے اہم ذمہ داروں کو شال اور گلدستہ پیش کرکے ان کی تہنیت کی۔
٭ پروگرام میں مرد حضرات سے زیادہ خواتین کی بڑی تعداد دیکھنے میں آئی۔ لڑکیوں کے والدین نے لڑکوں کے بعض والدین کے رویہ کی شکایت کرتے ہوئے کہاکہ انھوں نے کسی نجومی کی طرح لڑکوں کی ہتھیلیوں پر لکیروں کو دیکھنے پر اصرار کیاکہ جوکہ غیر اسلامی طرز عمل ہے۔
٭ دو بہ دو پروگرام میں آج تقریباً 3000 سے زائد والدین و سرپرستوں نے شرکت کی۔
٭ 51 ویں پروگرام میں مولا علی کے لالہ گوڑہ اولڈ بوائز اسوسی ایشن کے سرکردہ عہدیدار محمد عثمان، سکریٹری محمد سلیم اور دوسروں نے بھی بطور خاص شرکت کی۔
٭ دو بہ دو پروگرام کا شام 5 بجے جناب عابد صدیقی کی دعا پر اختتام عمل میں آیا۔