سیاست اور ملت فنڈ سے رشتوں کا دوبدو پروگرام

کل ریڈروز پیالیس نامپلی میں مقرر ، جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست صدارت کریں گے
حیدرآباد ۔ 14 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کو سہاگ کی نعمت سے مالا مال کرنے اور اس انتخاب کے ذریعہ سکون و اطمینان کی زندگی گذار نے سیاست اور ملت فنڈ کی جانب سے 86 واں دوبدو ملاقات پروگرام اپنی نوعیت کے ایک منفرد پروگرام کی حیثیت سے پہچان بنا چکا ہے ۔ اس کے لیے اتوار 16 ستمبر کو صبح 10 تا 4 بجے شام نامپلی کے مرکزی مقام ریڈ روز پیالیس روبرو حج ہاوز میں 86 واں دوبدو ملاقات پروگرام منعقد ہوگا ۔ اس پروگرام کی صدارت جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست کریں گے ۔ جیسا کہ والدین اس پروگرام کے متعلق جانتے ہیں کہ اس پروگرام میں انہیں اپنے ساتھ بائیو ڈاٹاس اور فوٹوز کو ساتھ رکھتے ہوئے والدین سے بات چیت کرنا ہوگا ۔ اس لیے اس کشادہ فنکشن ہال میں ایس ایس سی سے لے کر انٹر میڈیٹ ، گریجویٹ ، پوسٹ گریجویٹ ، فنی کورس ، انجینئرنگ ، ایم بی بی ایس ، فارمیسی ، ایم ایس سی ، ایم کام ، بی کام اور عقد ثانی و تاخیر سے ہونے والے لڑکوں اور لڑکیوں کے بھی فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس کو علحدہ علحدہ کاونٹرس پر رکھا جائے گا ۔ اور ان کاونٹرس پر والینٹرس والدین کی رہبری و رہنمائی کے لیے موجود رہیں گے ۔ جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈینیٹر پروگرام نے بتایا کہ تیاریاں جاری ہیں اور والدین کو چاہئے کہ وہ پابندی و قت کا پورا لحاظ کرتے ہوئے فنکشن ہال پہنچیں ۔ اس پروگرام کو عالمی سطح تک راست ٹیلی کاسٹ یو ٹیوب ، فیس بک اور سیاست ٹی وی کے ذریعہ کیا جائے گا تاکہ لوگ اس پروگرام سے مستفید ہوسکیں ۔ اب تک جن جن افراد نے یو ٹیوب ، فیس بک اور سیاست ٹی وی پر اس پروگرام کو راست دیکھا ہے انہوں نے خوشنودی کا اظہار کیا ۔ اس لیے کہ لڑکیوں اور لڑکوں کی شادیوں کا مسئلہ دن بہ دن گھناؤنی صورت حال ( بڑھتی جہیز کی مانگ اور بے جا رسومات کی وجہ سے ) پیدا ہوتی جارہی ہے ۔ اس پروگرام میں بھی راست ٹیلی کاسٹ کی سہولت مہیا کی جائے گی ۔ جنہوں نے بھی ابھی تک اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتوں کے لیے اس دوبدو ملاقات پروگرام سے استفادہ نہیں کیا ہے وہ اتوار کے روز ریڈ روز پیالیس پہنچ کر ر شتوں کا انتخاب کریں ۔ مزید معلومات جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈینیٹر پروگرام کے فون 9391160364 سے حاصل کی جاسکتی ہیں ۔۔