سیاستدانوں کے فون ٹیاپ نہیں کئے جارہے : انٹلیجنس بیورو

اسلام آباد ۔ 20 جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کی اعلیٰ سطحی انٹلیجنس ایجنسی نے آج اُن اطلاعات کی تردید کی کہ سیاستدانوں اور قانون سازوں کی فون کالس ٹیپ کئے جارہے ہیں ۔ ایجنسی کے مطابق کہ صرف مشتبہ دہشت گردوں کے فون کالس پر نظر رکھی جارہی ہے ۔ دریں اثناء انٹلیجنس بیورو سربراہ آفتاب سلطان کو سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی کی جانب سے طلب کیا گیا جو ضابطوں اور مراعات کی نگران کار ہے تاکہ تحریک مراعات جو سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے پیش کی تھی ، اُس کا مناسب جواب دیا جاسکے۔ سلیم مانڈوی والا کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی (PPP) سے ہے جنھوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اُن کے موبائیل فونس ایک سیکریٹ ایجنسی کی جانب سے ٹیپ کئے جارہے ہیں جس کی وضاحت کرتے ہوئے مسٹر سلطان نے کہا کہ کسی بھی شخص کی بشمول ارکان پارلیمان کے فون ٹیپ کرنے کی انھیں وزیراعظم سے قبل از وقت اجازت لینی پڑتی ہے لہذا میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اس نوعیت کی کوئی ہدایت نہ تو انھیں سابق وزیراعظم اور نہ ہی موجودہ وزیراعظم سے موصول ہوئی ہے ۔ انھوں نے صاف صاف کہہ دیا کہ کسی بھی رکن کے فون کالس ٹیپ نہیں کئے جارہے ہیں ۔