جرمن پولیس کے ہاتھوں اپوزیشن کے سیاست دانوں پر سازش کا شبہ
برلن ۔4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)ایک طرف ایران جہاں امریکی پابندیوں اور گھریلو احتجاج و مظاہروں سے دوچار ہے ،وہیں اب ایک سفارتکار کی گرفتار ی سے اسے کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔جرمنی کی پولیس نے حزب مخالف سے تعلق رکھنے والے ایرانی سیاستدانوں کو بم دھماکے میں ہلاک کرنے کی مبینہ منصوبہ بندی کرنے پر ایرانی سفارتکار کو حراست میں لیا ہے جبکہ آسٹریا نے ایرانی سفارت کار کو حاصل سفارتی استثنیٰ ختم کردیا ہے ۔ایرانی سفارتکار ویانا میں ایرانی سفار خانے میں تعینات ہے ۔شبہ ہے کہ ایرانی سفارتکار فرانس میں جلا وطنی کاٹنے والے حزب مخالف سے تعلق رکھنے والے ایرانی سیاست دانوں کو بم دھماکے میں ہلاک کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ۔آسٹریا کے حکام نے بم دھماکے کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں ایرانی سفارت کار اور دیگر دو افراد کو حراست میں لیا ہے ۔تہران نے اس قسم کی منصوبہ بندی میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے ۔بی بی سی کے مطابق یہ سفارتی کشیدگی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صدر حسن روحانی نیوکلیئر معاہدے پر بات چیت کے لیے چہارشنبہ کو آسٹریا آ رہے ہیں۔