ممبئی ۔ 9 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سہراب الدین شیخ اور تلسی رام پرجا پتی انکاؤنٹر مقدمات کی سماعت کر رہی خصوصی سی بی آئی عدالت نے آج سابق پولیس انسپکٹر گجرات اے ٹی ایس کی درخواست ضمانت مسترد کردی ۔ اس پولیس عہدیدار نے مبینہ طور پر سہراب ال دین شیخ پر فائرنگ کی تھی۔ سی بی آئی عدالت کے جج بی ایچ لویا نے کہا کہ تمہاری درخواست میرٹ کی بنیاد پر مسترد کی جاتی ہے۔تم نے تین راؤنڈ فائر کئے اور ایک مہلوک (سہراب الدین شیخ) کو لگا اور تمہارا اس مقدمہ میں راست رول ہے۔ سابق پولیس انسپکٹر این ایچ دھابی نے مبینہ طور پر سہراب الدین شیخ کا آندھراپردیش سے اغواء کیا تھا اور وہ اس پولیس ٹیم کا حصہ تھا جس نے فرضی انکاؤنٹر میں انہیں ہلاک کردیا۔
لشکر طیبہ کا کمانڈر ہلاک
جموں ، 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) لشکر طیبہ کا ایک سرکردہ بیرونی عسکریت پسند آج جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں فوجیوں کے ساتھ بندوق کی لڑائی میں ہلاک ہوگیا۔ ڈیفنس کے ترجمان نے کہا کہ عام علاقہ لاری باغ میں ایک دہشت گردی کی موجودگی کے تعلق سے مخصوص انٹلیجنس اطلاع کی اساس پر ہندواڑہ علاقہ میں قائم راشٹریہ رائفلز یونٹ نے تلاشی مہم شروع کی۔ اس علاقہ کی ناکہ بندی کردی گئی اور دہشت گرد عملاً متحرک ہوگیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بعدازاں آتشیں لڑائی میں عسکریت پسند تقریباً 0600 بجے مارا گیا۔