سکھ مذہب کے بانی سری گرونانک دیو جی کی سالگرہ تقاریب کا پرامن اختتام

حیدرآباد ۔ 25 ۔ نومبر : ( این ایس ایس) : سکھ مذہب کے بانی و پہلے سکھ گرو ’ سری گرونانک دیو جی ‘ کی پانچ یومی سالگرہ تقاریب ’ پرکاش اتسو ‘ کا چہارشنبہ کو اختتام عمل میں آیا ۔ ہزاروں سکھوں نے اس مذہبی تقریب کو مناتے ہوئے دعائیہ کا اہتمام کیا ۔ وشال دیوان میں 30 ہزار عقیدت مندوں نے دعائیہ میں شرکت کی ۔ نظام کالج گراونڈ بشیر باغ میں چہارشنبہ کو اس کا انعقاد کیا گیا تھا ۔ اجتماعی دعا کا 11 بجے دن تا 4 بجے شام اہتمام کیا گیا ۔ راگی جتھوں کی جانب سے گروبنی کیرتنوں اور کتھاؤں کو پڑھا گیا ۔ سکھ گروؤں کے فرامین کے تعلق سے بھی سمجھایا گیا ۔ قومی سالمیت ، امن ، بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے درس کو پیش کیا گیا ۔ عقیدت مندوں نے گرونانک دیوجی کے ارشادات کو تین ایام میں پڑھا ، سمجھا اور اپنایا ۔ اس اجتماعی تقریب کے اختتام پر عقیدت مندوں میں لنگر تقسیم کیا گیا ۔ پربندھک کمیٹی صدور ایس بلدیو سنگھ بگا ( جی ایس ایس ) اور ایس بلبیر سنگھ بگا ( جی ایس جی ایس ایس ) اور سکریٹریز ایس اوتار سنگھ اور ایس گردیپ سنگھ کے عقیدت مندوں کا استقبال کیا اور مبارکباد پیش کی ۔۔