واشنگٹن ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے سکھوں نے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے قومی میڈیا مہم کیلئے 4,00,000 ڈالرس کے فنڈس جمع کئے تاکہ امریکی شہریوں میں سکھ مذہب کے تعلق سے بیداری پیدا کی جاسکے کیونکہ حالیہ دنوں میں سکھ فرقہ کے خلاف منافرت انگیز جرائم کی شرح میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ گذشتہ سال لاس اینجلس میں سکھ فرقہ نے 90,000 ڈالرس جمع کئے تھے اور جاریہ سال ایسا پہلی بار ہوا ہیکہ سکھ فرقہ نے سکھ مذہب کے بارے میں بیداری مہم کیلئے اتنی خطیر رقم جمع کی ہو۔ اس موقع پر این ایس سی کے قومی چارٹر رکن کنول کور نے کہا کہ سکھ برادری کی تاریخ میں یہ خود اپنے آپ میں ایک تاریخی واقعہ ہے۔ ہم اس سے قبل اپنے امریکی ابنائے وطن کو اپنی بپتا سنانے کا موقع حاصل نہیں کرپائے تھے۔