سکھیندر ریڈی اور نوین راو کو ایم ایل سی بنانے کااعلان

حیدرآباد۔21مارچ(سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ جی سکھیندر ریڈی اور کوکٹ پلی کے ٹی آر ایس قائد مسٹر نوین راؤ کو قانون ساز کونسل نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حلقہ نلگنڈہ سے سکھیندر ریڈی کو ٹکٹ نہ دے کر ان کی جگہ مسٹر وامی ریڈی نرسمہا ریڈی کو امیدوار بنا یا گیا ہے جبکہ حلقہ ملکا جگری سے نوین راؤ مضبوط دعویدار تھے لیکن ملکا جگری سے مسٹر سی ایچ ملا ریڈی کے داماد ایم راج شیکھر ریڈی کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے فوری بعد چندر شیکھر راؤ نے ان دو قائدین کو تلنگانہ قانون ساز کونسل کا رکن نامزد کرنے کا علان کردیا۔ چیف منسٹر کی جانب سے لوک سبھا امیدواروں کی فہرست کے ساتھ ہی ان دو ناموں کے اعلان سے یہ واضح ہورہا ہے کہ پارٹی میں امکانی ناراضگی کو روکنے کیلئے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے فوری ان قائدین کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے انہیں تلنگانہ قانون ساز کونسل کا رکن نامزد کرنے کے فیصلہ سے واقف کروایا ہے۔