اعظم پورہ میں اسمبلی حلقوں کے انچارجس کا اجلاس، ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔26اپریل(سیاست نیوز)ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمو دعلی نے مجوزہ بلدی انتخابات میںپرانے شہر سے ٹی آر ایس پارٹی کی بھاری اکثریت سے کامیابی کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر تلنگانہ ریاست مسٹر کے چندرشیکھر رائو تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے قبل ہی پرانے شہر کو نئے شہر کے طرز پر ترقی دینے کی تائید وحمایت کرتے آرہے ہیں ۔آج یہاں پر اعظم فنکشن ہال چادر گھاٹ پرانے شہر کے تمام اسمبلی حلقوں کے انچارجس ‘ قائدین او رکارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جناب محمد محمو دعلی نے پرانے شہر کی بے مثال ترقی کے لئے مجوزہ بلدی انتخابات میں پارٹی کی بھاری اکثریت سے کامیابی کو ضروری قراردیا۔انہوں نے اسمبلی انتخابات میںٹی آر ایس پارٹی کی بھاری اکثریت سے کامیابی کے بعد جی ایچ ایم سی انتخابات میںپارٹی کوتاریخی کامیابی دلانے کے لئے پرانے شہر کے قائدین اور کارکنوں سے سرگرم رول ادا کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے 73ایسے چوراہوں کی نشاندہی کی ہے جس کو سگنل فری بنایا جائے گا۔انہوں نے مزیدکہاکہ پرانے شہر سے جیل اور ریس کورس کی لعنت کو ختم کرنے کا بھی جامع منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔ آج بھی ہم اس بات پر ہیں کہ ریس کورس اور چنچلگوڑہ جیل کے مقام پر عالیشان تعلیمی ادارے قائم کئے جاہیں گے جس میں معاشی طورپر پسماندہ خاندانوں کے بچوں کو مفت تعلیم کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ نصابی کتابوں‘ کاپیوں کے علاوہ مفت یونیفارم کی تقسیم عمل میںلاتے ہوئے پرانے شہر میںتعلیمی مراکز کا جال بچھایا جائے گا تاکہ پرانے شہر سے تعلیمی اور پسماندگی کا جڑ سے خاتمہ کیاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر پرانے شہر کی ترقی کے لئے فکر مند ہیں۔ انہوں نے بہت جلد منسٹر س کوارٹرس سے اعظم پورہ کے اپنے مکان منتقل ہونے کا بھی اس موقع پر اعلان کیا تاکہ پرانے شہر میں کیمپس قائم کرتے ہوئے پرانے شہر کی عوام کو حکومت کی فلاحی اسکیمات سے واقف کروایا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کے اعلان کے باوجود پرانے شہر کی آبادی کا بڑا حصہ آسرا پنشن اسکیم سے استفادہ کرنے سے قاصر ہے۔ انہوں نے کہاکہ 27اپریل کو پریڈ گراؤنڈ میںمنعقدہ ہونے والے جلسہ عام کی کامیابی کے لئے پرانے شہر کے ٹی آر ایس پارٹی قائدین اور کارکنوں کی طاقت کا مظاہرہ ضروری ہے۔ صدر ٹی آر ایس گریٹر حیدرآباد ایم ہنمنت رائو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ٹی آر ایس پارٹی پرانے شہر میں پوری طاقت کے ساتھ مجوزہ بلدی انتخابات میںحصہ لے گی۔ انہوں نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو آپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھکر پارٹی کو مستحکم اور مضبوط بنانے کے لئے کام کرنے کا مشورہ دیا۔جناب اعظم علی خرم نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک پیٹ اسمبلی حلقہ سے ریالی کی شکل میںہزاروں کارکن پریڈگراؤنڈ کے جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ چارمینار انچارج میرعنایت علی باقری نے دوپہر ایک بجے تاریخی چارمینار سے ہزاروں کارکنوں کے ساتھ ریالی کی شکل میںجلسہ گاہ کو روانے ہونے کا اعلان کیا۔اس کے علاوہ یاقوت پورہ انچارج شبیر احمد‘ بہادر پورہ انچارج ایس اے قیصر نے بھی پریڈ گروانڈ کے جلسہ عام میں شرکت کے لئے ریالیاں نکالنے کا اعلان کیا۔ مسٹر ستیش کمار‘ سنگی ریڈی سرینواس ریڈی‘پریم کمار دھوت‘ چندوبلال‘ سمیریمنی‘ محمد اعجاز‘ ایم اے ذیشان‘ کپل راج کے علاوہ ٹی آ رایس کے سینکڑوں قائدین اور کارکن بھی اس موقع پر موجو دتھے۔