سکندرآباد اور ملکاجگری میں شرمیلا کے روڈ شوز

حیدرآباد 20 اپریل ( این ایس ایس ) وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر جگن موہن ریڈی کی بہن شرمیلا نے آج حیدرآباد کے حلقہ اسمبلی خیرت آباد میں اپنی پارٹی کے روڈ شوز میں حصہ لیا۔ اس موقع پر عوام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہوں نے خیرت آباد تا یوسف گوڑہ سڑک کی دونوں جانب جمع ہونے والے حامیوں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ شرمیلا نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہ وہ وائی ایس آر سی پی خیرت آباد امیدوار وجئے ریڈی کے حق میں ووٹ دیں ۔ شرمیلا نے الزام عائد کیا کہ سابق وزیر دانم ناگیندر نے مقطعہ مدار صاحب میں اقلیتوں کی زمینات پر غیر مجاز قبضہ کیا ہے اور یہ زمینات ان سے واپس لی جائیں گی ۔ اگر وجئے ریڈی کو اسمبلی کیلئے منتخب کیا جائے گا یہ کام مزید آسان ہوجائے گا ۔ شرمیلا نے الزام عائد کیا کہ ناگیندر نے بحیثیت وزیر اپنی ساری معیاد کے دوران خیرت آباد حلقہ کیلئے کچھ نہیںکیا ۔ انہوں نے ناگیندر کو یاد دلایا کہ گذشتہ انتخابات میں وہ ان کے والد وائی ایس راج شیکھرریڈی کے آشیرواد اور مہر بانی کے نتیجہ میںکامیابی حاصل کرسکے تھے۔شرمیلا نے کہا کہ پیٹھ میں خنجر گھوپنے والوں کو عوام ان انتخابات میں منتخب نہ کریں۔ شرمیلا 21 اپریل کو حلقہ لوک سبھا ملکاجگری میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے امیدوار وی دنیش ریڈی کی تائید میں مہم چلائیں گی اور روڈ شوز میں حصہ لیں گی۔