سکم کی چینی سرحد میں دراندازی ،چین کا الزام

بیجنگ ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) چین نے آج ہندوستان پر سکم سیکشن میں واقع سرحدوں کو ہندوستانی افواج کے ذریعہ پار کرنے کا الزام عائد کیا اور فوری طور پر فوج کا وہاں سے تخلیہ کا مطالبہ کیا جب کہ چین نے یہ بھی کہا کہ کیلاش مانسرور کی یاترا کرنے والے ہندوستانی زائرین کے داخلہ کیلئے ناتھولا پاس کو بھی بند کردیا گیا ہے۔ دوسری طرف چین نے یہ بھی کہا ہیکہ اس نے ہندوستان کے ساتھ اس معاملہ میں سفارتی شکایت بھی کی ہے اور یہ شکایت صرف ہندوستان میں ہی نہیں بلکہ بیجنگ میں واقع ہندوستانی سفارتخانے میں بھی شکایت کا ادخال عمل میں آیا ہے جہاں اس کا ادعا ہیکہ ہندوستانی افواج نے سکم سیکشن میں چینی سرحد میں دراندازی کی ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لوگنگ نے ایک میڈیا بریفنگ کے دوران یہ بات کہی جس کے مطابق ہندوستان سے خواہش کی گئی ہیکہ وہ اس معاملہ پر زائد توجہ دیتے ہوئے ہندوستانی افواج کو سکم کے اس علاقہ سے فوری تخلیہ کرنے کا حکم دے جو چینی سرحد میں واقع ہے۔ گذشتہ شب چین نے کہا تھا کہ اس نے ناتھولا پاس سے تبت میں داخل ہونے والے ہندوستان یاتریوں کا داخلہ بند کردیا ہے۔