سکم سکٹر میں سڑک کی تعمیر حق بجانب، چین کا ادعا

ہندوستان یا بھوٹان کے علاقہ میں تعمیر کی تردید، کسی تیسرے فریق کو مداخلت کا حق نہیں، ترجمان کا بیان

بیجنگ ۔ 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) چین نے سکم سکٹر میں سڑک کی تعمیر کو جائز قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہیکہ یہ نہ تو ہندوستان اور نہ ہی بھوٹان کا علاقہ ہے بلکہ چینی علاقہ ہے اور کسی بھی ملک کو اس میں دخل اندازی کا حق نہیں ہے۔ چین نے یہ اشارہ بھی دیا کہ سکم سکٹریکے دونگ لانگ علاقہ میں سڑک کی تعمیر کیلئے چین کی کوششوں پر ہندوستان محض بھوٹان کی طرف سے اعتراف کررہا ہے کیونکہ بھوٹان کے چین کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لوکانگ نے میڈیا سے کہا کہ ’’ڈونگ لانگ، چینی علاقہ کاحصہ ہے۔ اس بات پر کوئی نزع نہیں ہے۔ ڈونگ لانگ زمانہ قدیم سے چین کا علاقہ رہا ہے اور یہ علاقہ بھوٹان کا نہیں ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہندوستان اس مسئلہ کو اٹھانا چاہتا ہے۔ میں کہنا چاہتا ہوں کہ یہ نہ تو بھوٹان اور نہ ہی ہندوستان کا علاقہ ہے چنانچہ ہم اس قانونی بنیادوں کی تکمیل کرچکے ہیں۔ روڈ پراجکٹ کیلئے چینی تعمیر جائز اور اپنے علاقہ پر معمول کے مطابق ہے۔ کسی بھی دوسرے ملک کو اس میں مداخلت کا کوئی حق نہیں ہے‘‘۔ ہندوستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لوکانگ نے کہا کہ بھوٹان عالمی طور پر مسلمہ ایک خودمختار ملک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں امید کرتا ہوں کہ مختلف ممالک اس ملک کے اقتداراعلیٰ کا احترام کریں گے۔ چین ۔ بھوٹان سرحد ہٹائی نہیں گئی ہے اور کسی بھی تیسرے فریق کواس معاملہ میں مداخلت نہیں کر نا چاہئے اور غیر ذمہ دارانہ ریمارکس یا اقدامات نہیں کرنا چاہئے‘‘۔انہوں نے کہا کہ ’’اگر کوئی تیسرا فریق اپنے پوشیدہ ایجنڈہ کے تحت دخل اندازی کرتا ہے تو یہ بھوٹان کی خودمختاری کی بداحترامی ہوگی۔ ہم ایسا ہوتا دیکھنا نہیں چاہتے کیونکہ بھوٹان کو بین الاقوامی برادری کی طرف سے اپنی خوداختیاری کے احترام کا حق حاصل ہے۔