ریکارڈ سیکشن کا معائنہ، بورڈ کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار، حج ہاؤس کی دیکھ بھال پر زور
حیدرآباد۔/27فبروری، ( سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی بہبود ایم دانا کشور کے حج ہاؤس پہنچتے ہی اقلیتی بہبود کے دفاتر میں کھلبلی مچ گئی ۔ اگرچہ وہ وقف بورڈ کے ریکارڈ سیکشن کا معائنہ کرنے کے مقصد سے حج ہاؤس پہنچے تھے لیکن دیگر اداروں کے عہدیداروں نے سمجھا کہ سکریٹری اچانک دورہ پر تمام دفاتر کا معائنہ کرنے والے ہیں۔ چنانچہ عہدیداروں و ملازمین نے چوکسی اختیار کرلی۔ دانا کشور اقلیتی اداروں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں اور انہوں نے جائزہ اجلاسوں میں اس سلسلہ میں اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ لہٰذا ان کی حج ہاؤس آمد کے ساتھ ہی وقف بورڈ، حج کمیٹی اور اقلیتی فینانس کارپوریشن کے دفاتر میں عہدیدار اور ملازمین چوکس ہوگئے۔ دانا کشور کو ریکارڈ سیکشن کا معائنہ کرنے کیلئے انتظار کرنا پڑا کیونکہ ریکارڈ سیکشن کی چابی حیدرآباد کلکٹر آفس سے پہنچنے میں تاخیر ہوگئی۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کی جانب سے مہر بند کئے جانے کے بعد سے ریکارڈ سیکشن کی چابی ضلع کلکٹر حیدرآباد کے دفتر میں محفوظ کردی گئی ہے۔ کلکٹر سے چابی پہنچنے میں تاخیر ہوگئی۔ لہٰذا دانا کشور کو پروگرام کچھ گھنٹوں کیلئے ملتوی کرنا پڑا۔ بتایا جاتا ہے کہ ریکارڈ سیکشن کے معائنہ اور وقف بورڈ کے دیگر سیکشنوں کا جائزہ لینے کے بعد دانا کشور نے بورڈ کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے بورڈ کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرنے چیف ایکزیکیٹو آفیسر کو ہدایت دی۔ انہوں نے حج ہاؤس کی عمارت کے مینٹننس پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ دانا کشور کی آمد کے موقع پر حج ہاؤس میں اقلیتی اداروں کے عہدیدار و ملازمین اپنی اپنی نشستوں پر دیکھے گئے۔ انہیں اندیشہ تھا کہ سکریٹری اچانک اقلیتی بہبود دفاتر کا معائنہ کرسکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سکریٹری نے روانگی سے قبل اقلیتی فینانس کارپوریشن میں منیجنگ ڈائرکٹر کی عدم موجودگی کے بارے میں استفسار کیا۔ روانگی سے قبل صدرنشین کارپوریشن سید اکبر حسین نے ملاقات کرتے ہوئے کارپوریشن کے دورہ کی دعوت دی۔ دانا کشور نے کہا کہ وہ بعد میں کسی بھی وقت کارپوریشن کا دورہ کرتے ہوئے اسکیمات کا جائزہ لیں گے۔ (متعلقہ خبر صفحہ 2 پر)