پابندیوں کے خاتمہ پر زور کی حمایت، حماس کا ردعمل
بیت لاحیہ ۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) غزہ کے اسلامی حماس حکمرانوں نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیوگوٹیرس کے اس بیان کا خیرمقدم کیا جہاں انہوں نے غزہ پٹی پر اسرائیلی اور مصری پابندی کو ہٹائے جانے کی تائید کرتے ہوئے انسانیت کو درپیش بحران سے نمٹنے کی خواہش کی تھی۔ گوٹیرس کی آمد پر حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں گوٹیرس کے دورہ کو فال نیک سے تعبیر کرتے ہوئے یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ وہ راحت کاری اور ترقیاتی پروگراموں کا ازخود جائزہ لیں اور اسرائیل پر دباؤ ڈالیں کہ جن فلسطینیوں کو قید رکھا گیا ہے انہیں رہا کیا جائے۔ یاد رہیکہ مسٹر گوٹیرس کا اقوام متحدہ کا جلیل القدر عہدہ پر فائز ہونے کے بعد اس کا یہ پہلا دورہ ہے۔ ان کی اسرائیلی اور فلسطینی قائدین سے ملاقات کا اہم مقصد دونوں ممالک کے درمیان امن بات چیت کا احیاء ہے ۔ غزہ پہنچنے سے قبل انہوں نے بذریعہ ہیلی کاپٹر اسرائیل۔ غزہ سرحد کا فضائی معائنہ کیا اور ساتھ ہی ساتھ اس سرنگ کا بھی جائزہ لیا جو حماس نے اسرائیلی حدود تک کھود رکھی ہے۔