حیدرآباد30 مئی (سیاست نیوز) جناب محبوب عالم خاں سیکریٹری انوارالعلوم ایجوکیشنل اسوسی ایشن نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وقف بورڈ کے سابق اسپیشل آفیسر شیخ محمد اقبال نے وقف بورڈ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے جو تفصیلات طلب کی ہیں، اس سے متعلق مقدمہ عدالت میں زیردوران ہے۔ انہوں نے کہا کہ انوارالعلوم کالج ایک خریدی ہوئی جائیداد ہے اور یہ وقف نہیں ہے، اس کا کون واقف ہے، موجود نہیں اور وقف نامہ بھی موجود نہیں ہے۔ یہ ادارہ رجسٹرڈ سوسائٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ محمد اقبال کا غیرقانونی طور پر تقرر کیا گیا تھا جسے عدالت میں چیلنج کیا گیا اور یہ معاملہ ہائیکورٹ میں زیردوران ہے۔ شیخ محمد اقبال کے خلاف معتمد انوارالعلوم محبوب عالم خاں نے فورتھ ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا جسے سماعت کیلئے قبول کیا گیا۔ اسکے خلاف شیخ محمد اقبال ہائیکورٹ سے رجوع ہوئے اور ہائیکورٹ نے ان کی درخواست کو خارج کردیا اور ہدایت دی کہ شیخ محمد اقبال عدالت میں ٹرائیل کا سامنا کریں۔ ہائیکورٹ کے خلاف شیخ محمد اقبال سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے اور حکم التوا حاصل کیا۔ معتمد انوارالعلوم بھی حکم التواء کی برخاستگی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے اور سماعت جاری ہے۔ توقع ہے کہ جولائی میں سماعت ہوگی۔ سیکریٹری انوارالعلوم نے کہا کہ شیخ محمد اقبال نے مکتوب میں بعض حقائق کو چھپانے کی کوشش کی ہے۔ محبوب عالم خاں نے کہا کہ وقف نامہ کے مطابق کارروائی سے متعلق سیکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل کے بیان پر انہیں اطمینان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سیکریٹری اقلیتی بہبود خود وقف نامہ دیکھ لیںمعاملہ صاف ہوجائیگا۔ انوارالعلوم کے کئی رِٹ پٹیشن ہائیکورٹ میں زیردوران ہیں اور ہم ہائیکورٹ کے پابند ہیں۔