سکریٹری اقلیتی بہبود کو صدر نشین اقلیتی فینانس کارپوریشن کی ذمہ داری

حیدرآباد ۔8 ۔ اپریل (سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کی تلنگانہ اور آندھراپردیش میں تقسیم کے بعد موجودہ بورڈ آف ڈائرکٹرس آندھراپردیش ریاست کیلئے منتقل ہوچکا ہے۔ ادارہ کی تقسیم کے بعد اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل بااعتبار عہدہ تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے صدرنشین کے عہدہ پر فائز ہوچکے ہیں۔ اگرچہ اس سلسلہ میں انہیں رسمی طور پر جائزہ حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ، تاہم وہ سکریٹریٹ سے ہی صدرنشین کارپوریشن کے فرائض انجام دیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ کارپوریشن کی تقسیم سے متعلق ڈسمبر 2014 ء میں جاری کردہ جی او ایم ایس 10 کے تحت سکریٹری اقلیتی بہبود بااعتبار عہدہ صدرنشین کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ بورڈ آف ڈائرکٹرس کی عدم موجودگی کی صورت میں محکمہ کے سکریٹری کو صدرنشین کے فرائض انجام دینے کا اختیار دیا گیا ہے۔ اسی طرح مستقل مینجنگ ڈائرکٹر کی عدم موجودگی میں ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو مینجنگ ڈائرکٹر کی بااعتبار عہدہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ جی او ایم ایس 10 کے مطابق سکریٹری اقلیتی بہبود اب فینانس کارپوریشن کے تمام امور کی راست نگرانی کریں گے اور پالیسی فیصلوں کا انہیں اختیار حاصل رہے گا۔ اسی دوران کارپوریشن کی تقسیم کے بعد حکومت نے نئے صدرنشین اور بورڈ آف ڈائرکٹرس کی نامزدگی کارروائی شروع کردی ہے ۔ توقع ہے کہ جاریہ ماہ کے اختتام تک تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن پر تقررات کا عمل مکمل ہوجائے گا۔