سکریٹریٹ میں وزراء کے پیشیوں پر انٹلی جنس کی نظر

مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کا گہرائی سے جائزہ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد میں واقع سکریٹریٹ کے دفاتر میں وزراء کے پیشیوں پر ان دنوں انٹلی جنس پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو وزراء کے تصدیقی لیٹر پیاڈس اور ٹیلی فونس پر کن کن آفیسر سے بات چیت کیا جارہا ہے اور دفتر کے فائیلس کن کن آفیسر کے دفاتر کو منتقل کی جارہی ہے اس پر خاص نظریں رکھی جارہی ہیں ۔ واضح رہے کہ حال ہی میں میاں پور لینڈ اسکام واقعات میں چند وزراء کے نام منظر عام پر آنے کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے احتیاط برتنے کے لیے وزراء کے دفاتر کو نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے اور پھر کسی ایسے واقعات کے اعادہ کو روکنے کے لیے ایک خصوصی ٹیم کو تشکیل دیا ہے جو یہ آفیسرس وزراء کے چیمبرس ، دفتر اور پیشیوں اور دیگر مقامات پر مشتبہ افراد پر نظریں رکھ رہے ہیں ۔ وزراء کے پرنسپل پی آر اوز اور دیگر عملہ کے نقل و حرکت پر نظر رکھی جارہی ہے اور ان وزراء کے دفاتر سے کن کن افراد کو سفارشی مکتوب یا تصدیقی لیٹر دئیے جارہے ہیں ۔ اس کے علاوہ سکریٹریٹ کے باب الداخلہ پر جہاں 3 تا 5 بجے عوام کو ملنے کا وقت دیا جاتا ہے ۔ اسی دوران جو مشتبہ افراد کن کن دفتروں میں داخل ہورہے ہیں ان کی حرکت پر بھی نظر رکھی جارہی ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سکریٹریٹ کے سمتا بھون میں کئی ماہ سے کوئی جائزہ اجلاس منعقد نہیں کررہے ہیں اور زیادہ وقت اپنی رہائش گاہ پرگتی بھون میں آفیسرس بالخصوص منسٹرس کو ملاقات کا وقت دے رہے ہیں ۔ اس وجہ سے بھی انہوں نے مذکورہ ٹیم تشکیل دی ہے تاکہ ان کی غیر موجودگی میں بھی کسی غیر متوقع غلط کام پر نظر رکھی جاسکے ۔۔