سڑک حادثات میں روزانہ 400 افراد کی موت

نئی دہلی۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سڑک حادثات کو روکنے کے لیے ریاستوں کو سنٹرل روڈ فنڈ کے کچھ حصہ سے استفادہ کرنا چاہئے۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری نے آج کہا کہ اس سے حادثات کی روک تھام میں مدد ملے گی جو روزانہ زائد از 400 افراد کی موت کا سبب بن رہے ہیں۔ جن میں میں تقریباً نصف سے زیادہ 18 تا 35 سال والے نوجوان ہیں۔ ہندوستان میں سڑک حادثات کی رپورٹ برائے 2016 ء جاری کرتے ہوئے وزیر روڈ ٹرانسپورٹ اور شاہراہیں گڈکری نے کہا کہ گزشتہ سال مجموعی طور پر سڑک حادثات میں 4.1 فیصد کمی ہوئی لیکن جانی نقصان 3.2 فیصد بڑھا جس کا نتیجہ ہوا کہ سڑکوں پر روزانہ زائد از 400 افراد نے اپنی جانیں گنوائیں۔ اس رپورٹ میں ذکر کیا گیا ہے کہ گزشتہ سال اوسطاً فی گھنٹہ 55 سڑک حادثات میں 17 لوگوں کی موت ہوئی جن میں 18 تا 35 سال عمر والے 46.3 فیصد پائے گئے۔ 18-60 سال کی عمر والا برسر کار گروپ جملہ سڑک حادثہ کی اموات میں 83.3 فیصد پایا گیا۔ مجموعی طور پر ہندوستان میں گزشتہ سال 4,80,652 سڑک حادثات پیش آئے جن میں 1,50,785 جانوں کا نقصان ہوا اور 4,94,624 افراد کو شدید زخم آئے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ علاوہ ازیں روڈ سیفٹی کمیٹیاں تمام اضلاع میں تشکیل دینا چاہئے جن کی قیادت سینئر ترین ایمز کیا کریں۔ جبکہ ڈپٹی کلکٹر سکریٹری ہوں اور وہ اپنی سطح پر حادثات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا کریں۔