حیدرآباد۔ 5 اکتوبر (سیاست نیوز) شہر کی سڑکوں کو پختہ اور پائیدار بنانے کیلئے سڑکوں پر وائیٹ ٹاپنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ قانون ساز کونسل میں آج وقفہ سوالات کے دوران اٹھائے گئے سوال کا حکومت کی جانب سے دیئے گئے تحریری جواب میں یہ بات بتائی گئی۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں سڑکوں پر وائیٹ ٹاپنگ ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق اراکین قانون ساز کونسل نے سوال کیا تھا جس کا جواب دیتے ہوئے یہ کہا گیا کہ یہ درست ہے کہ حکومت نے شہر حیدرآباد کی سڑکوں کو پختہ اور پائیدار بنانے کیلئے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔ علاوہ ازیں ان تعمیری کاموں کے آغاز سے متعلق کئے گئے سوال کا تحریری جواب دیتے ہوئے یہ بات بتائی گئی ہے کہ ان کاموں کا آغاز مرحلہ وار اساس پر کیا جائے گا۔