بنگلورو۔16 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سڈنی کے مشہور کیفے میں کل پیش آئے واقعہ میں جن 15 افراد کو یرغمال بنایا گیا تھا ، ان میں ایک ہندوستانی انفوسس کا ملازم بھی شامل ہے۔ ان تمام کو بعدازاں بچا لیا گیا۔ کمپنی کے ہیڈکوارٹر نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ اس بحران میں پھنسنے والوں میں ایک اور انفوسس ملازم کی توثیق ہوئی ہے۔ یہ دونوں ملازمین محفوظ ہیں اور انہیں بحفاظت بچا لیا گیا ہے۔ بیان میں آسٹریلیا کے حکام اور نیو ساؤتھ ویلز پولیس کی کوششوں اور یرغمالیوں سے بحفاظت رہائی یقینی بنانے پر اظہار تشکر کیا گیا ہے۔ قبل ازیں انفوسس نے کہا تھا کہ اس یرغمال بحران کا انفوسس کا ایک ملازم بھی شکار ہوا ہے۔ 16 گھنٹے طویل اس بحران کے خاتمہ کے ساتھ ہی وزارت اُمور خارجہ کے عہدیداروں نے کہا تھا کہ انکت ریڈی اور پشپیندو گھوش دونوں کو بحفاظت بچالیا گیا ہے اور وہ پولیس تحویل میں ہیں۔ ابتداء میں یہ سمجھا جارہا تھا کہ اس بحران میں پھنسنے والا انکت ریڈی واحد ہندوستانی شہری ہے۔