سچتراسین کی صحت مزید ابتر، ممتا نے عیادت کی

کولکتہ ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ماضی کی مشہور اداکارہ جو فی الحال علیل ہیں، سچتراسین کی صحت مزید ابتر ہوگئی اور انہیں تنفس میں شکایت کی بناء پر مصنوعی آلات تنفس کے تحت رکھا گیا ہے۔ ان کے جسم میں آکسیجن کے ارتکاز میں کمی کی وجہ سے انہیں سانس لینے میں دقت ہورہی ہے۔ بیل ویو کلینک کے ایک اعلامیہ میں جہاں وہ زیرعلاج ہیں، کہا گیا ہیکہ ان کے دل کی دھڑکن کی شرح اور بلڈپریشر مستحکم ہے۔ ماہر امراض قلب کے علاوہ ماہرین امراض سینہ نے بھی 82 سالہ اداکارہ کا معائنہ کیا۔

ایک پانچ رکنی طبی بورڈ ڈاکٹر سبرتامائترا کی زیرقیادت ان کی حالت پر 24 گھنٹے نظر رکھے ہوئے ہے۔ چیف منسٹر مغربی بنگال نے ہاسپٹل کا دورہ کیا۔ ڈاکٹروں اور سچترا کی اداکارہ دختر من من سین سے ملاقات کی۔ انہیں گذشتہ ہفتہ سانس کی نالی میں انفیکشن کی شکایت پر دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا۔ وہ گذشتہ 30 سال سے منظرعام پر نہیں آئی ہیں۔ وہ پہلی اداکارہ تھیں جنہیں بین الاقوامی سطح پر ماسکو فلمی میلے میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ملا تھا۔ انہوں نے یادگار ہندی اور بنگالی فلموں جیسے دیوداس اور آندھی، سات پاکے بندھن، اگنی پرکشا، سپتوپدی اور دیپ جیلے جائی میں اداکاری کی ہے۔ فلم دیوداس میں اداکار دلیپ کمار اور آندھی میں اداکار سنجیوکمار کے ساتھ ان کی جوڑی کو بیحد پسند کیا گیا تھا۔ ان کے اعضائے رئیسہ ڈاکٹروں کے بموجب بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔