سپریم کورٹ ریواڑی عصمت دری متاثرہ کی شناخت ظاہر کرنے سے خفا

نئی دہلی۔18ستمبر(سیاست ڈاٹ کام)سپریم کورٹ نے ریواڑی عصمت دری معاملے میں متاثرہ کی شناخت ظاہر کرنے پر میڈیا سے گہری ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے آج کہا کہ اس معاملے میں ضابطوں کو نظرانداز کیاگیا ہے ۔جسٹس مدن بی لوکر اور جسٹس دیپک گپتا کی بینچ نے مظفرپور گرلس شیلٹر ہوم معاملے کی سماعت کے دوران کہا کہ متاثرہ کی شناخت ظاہر کرکے ضابطوں کی اندیکھی کی گئی ہے ،اس کا ذمہ دار کون ہے ؟جسٹس لوکر نے کہا کہ لڑکی کی پڑھائی سے متعلق بات بتائی گئی،اس سے اس کی پہچان کرنا مشکل نہیں ہے ۔میڈیا کو اس سے روکنے کے لئے کیا کیا جاسکتا ہے ؟اس پر ایٹرنی جنرل کے کے وینوگوپال نے کہا کہ ریاستی حکومت اور ٹی وی چینلوں کو نوٹس جاری کرکے پوچھا جانا چاہئے کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا؟حالانکہ عدالت نے اس سلسلے میں فی الحال کوئی حکم نہیں دیا۔اس درمیان مظفرپور گرلس شیلٹر ہوم معاملے کی جانچ کررہی مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی)نے آج سیل بند لفافے میں صورت حال کی پورٹ سونپی۔عدالت نے اس معاملے میں پٹنہ ہائی کورٹ کے 29اگست کے حکم پر پابندی لگا دی۔سپریم کورٹ نے کہا کہ سی بی آئی کی جانچ کے لئے نئی ٹیم بنانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ایسا کرنے سے جانچ متاثر ہوگی اور متاثرہ کے حقوق کو بھی نقصان پہنچے گا۔قابل ذکر ہے کہ ہائی کورٹ نے اپنے 29اگست کے حکم میں سی بی آئی کی موجودہ ٹیم کو ختم کرکے نئی ٹیم تشکیل دینے کو کہا تھا۔