:جسٹس چلمیشور کا سبکدوشی سے قبل آخری دن :
نئی دہلی۔18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جسٹس جے چلمیشور جو سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج ہیں اور جنہوں نے 12 جنوری کو متنازعہ پریس کانفرنس منعقد کرتے ہوئے عملاً بغاوت کردی تھی، انہوں نے آج اپنی خدمات کے آخری دن چیف جسٹس آف انڈیا دیپک مشرا کے ساتھ ڈائس پر اجلاس میں شرکت کی۔ جسٹس چلمیشور جو 22 جون کو سبکدوش ہورہے ہیں، انہوں نے آج سی جے آئی کی سربراہی والی بنچ میں جسٹس ڈی وائی چندر چور کے ساتھ شرکت کی۔ آج ان کی سرویس کا آخری دن رہا کیوں کہ فاضل عدالت کے لیے طویل گرمائی تعطیلات شروع ہورہی ہیں۔ فاضل عدالت میں یہ روایت ہے کہ سبکدوش ہونے والے جج کو اس کے کام کے آخری روز پرشکوہ کورٹ نمبر 1 میں سی جے آئی کے ساتھ بیٹھنے کا اعزاز دیا جاتا ہے۔