نئی دہلی 15 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) سہارا گروپ کے مقدمہ میں آج اچانک اس وقت نیا موڑ آیا جب سپریم کورٹ کے جج جسٹس جے ایس کھیہر نے خود کو اس مقدمہ کی سماعت سے دور کرلیا ہے جس کے بعد ایک نئی بنچ تشکیل دی گئی ہے ۔ ڈپٹی رجسٹرار سپریم کورٹ راکیش شرما نے کہا کہ جسٹس کھیہر نے 6 مئی کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے خواہش ظاہر کی تھی کہ انہیںاس مقدمہ سے علیحدہ کردیا جائے ۔ اس درخواست سے چیف جسٹس کو واقف کروایا گیا جنہوں نے سہارا گروپ کے مقدمہ کی سماعت کیلئے ایک علیحدہ بنچ تشکیل دی ہے ۔ سپریم کورٹ رجسٹرار نے تاہم جو نئی بنچ تشکیل دی گئی ہے اس کی تفصیلات کے تعلق سے کوئی اطلاع فراہم نہیں کی ہے ۔